کترینہ کیف ’بگ باس 12‘ کی شریک میزبان ہوں گی؟
بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس‘ کا 12 واں سیزن رواں برس کے اختتام کو نشر ہوگا، جس کے لیے کلرز ٹی وی انتظامیہ نے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
’بگ باس‘ کے 11 ویں سیزن کی میزبانی تن تنہا دبنگ ہیرو سلمان خان نے کی تھی، جو گزشتہ 5 سال سے اس شو کے اکیلے میزبان بنتے آ رہے تھے۔
تاہم رواں برس نایاب کالے ہرن کے شکار کرنے کے کیس میں جیل کی سزا ہونے اور عدالت میں مقدمہ چلنے کے باعث ’بگ باس‘ انتظامیہ نے شو کی میزبانی کے لیے سلمان خان کے ساتھ ایک اور میزبان کا اضافہ کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 'بگ باس 11 ' کے فاتح کا اعلان
اطلاعات ہیں کہ اگرسلمان خان کو نایاب ہرن کے شکار کرنے کے کیس میں کوئی سزا نہ ملی تو ’بگ باس 12‘ کی میزبانی بھی وہی کریں گے، تاہم ان کے ساتھ کچھ بھی ہونے کی صورت میں ٹی وی انتظامیہ نے شو کے لیے شریک میزبان کی خدمات حاصل کرنے پر غور شروع کردیا۔
دکن کیرونیکل کے مطابق ’بگ باس 12‘ کے لیے ٹی وی انتظامیہ شریک میزبان کے طور پر کترینہ کیف کے نام پر غور کر رہی ہے، تاہم اس حوالے سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔
خبر کے مطابق یہ طے ہے کہ ریئلٹی شو کے 12 ویں سیزن کے مرکزی میزبان بھی سلمان خان ہی ہوں گے۔
دوسری جانب ’بگ باس 12‘ کے لیے ٹیم نے شادی شدہ، غیر شادی شدہ، ہم جنس پرستوں اور لزبین جوڑوں کے اوڈیشن اور انٹرویوز شروع کردیے ہیں۔
مزید پڑھیں: ’بگ باس 11‘ کے لیے سلمان خان کا معاوضہ کیا؟
خیال رہے کہ ’بگ باس‘ شو کلرز ٹی وی 3 سے 4 ماہ تک چلتا ہے، پروگرام کی شروعات زیادہ تر اکتوبر میں ہوتی ہے اور اس کا اختتام دوسرے سال کے پہلے مہینے جنوری میں ہوتا ہے۔
شو کے میزبان کو ہفتے میں 2 بار پروگرام کی میزبانی کے لیے اسٹوڈیو میں موجود رہنا پڑتا ہے۔
بگ باس 11 کا آغاز یکم اکتوبر کو ہوا تھا، جس کا اختتام 14 جنوری کو ہوا۔
’بگ باس 11‘ کی فاتح شلپا شندے ٹھہری تھیں، جو دیگر 19 کانٹیسٹرز کے ساتھ شریک ہوئی تھیں۔
’بگ باس 11‘ کی میزبانی کے لیے سلمان خان نے ایک قسط کا معاوضہ 11 کروڑ روپے لیا تھا۔