• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

نوجوان کی ہلاکت کا معاملہ: امریکی ملٹری اتاشی کو ٹرائل کا سامنا کرنا ہوگا

شائع April 11, 2018

اسلام آباد: امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے وفاقی دارالحکومت میں ایک نوجوان کی ہلاکت اور ایک کے زخمی ہونے کے معاملے میں امریکی سفارتکار کو پاکستان یا پھر امریکا میں ٹرائل کا سامنا کرنا ہوگا۔

اگر امریکی سفارتخانے کی جانب سے یہ تصدیق کی جاتی ہے کہ ملزم امریکی اتاشی کو پاکستان میں اپنے خلاف مقدمے سے استثنیٰ حاصل ہے تو پھر اس کا ٹرائل امریکی عدالت میں کیا جائے گا۔

ڈان سے بات چیت کرتے ہوئے ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا جاچکا ہے اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اب ان کا ٹرائل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتکار کو گرفتاری اور قید سے استثنیٰ حاصل ہے لیکن ٹرائل کے خلاف استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی ملٹری اتاشی کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، نمازِ جنازہ ادا

پولیس حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب یہ امریکی سفارتخانے کے فیصلے پر انحصار کرتا ہے کہ وہ امریکی ملٹری اتاشی کا ٹرائل پاکستانی عدالتوں میں کروائیں گے یا پھر ان کے ملک میں ٹرائل کیا جائے گا۔

ڈان سے بات چیت کرنے والے پولیس افسران کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی کے مطابق پولیس نے کیس کو رجسٹرڈ کرنے کا عمل پورا کر لیا ہے اور یہ کیس پاکستان کے دفترِ خارجہ میں جمع بھی کروایا جاچکا ہے، جبکہ یہی اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کو ارسال کیا جائے گا، تاہم امریکی سفارتخانے کو فیصلہ کرنا ہے کہ ان کا ٹرائل کہاں کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفترخارجہ امریکی سفارتکار کو غیر پسندیدہ شخص قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم بھی دے سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ملٹری اتاشی کو مقتول نوجوان کے خاندان کا خون بہا کے عوض معافی کا عندیہ

تاہم یہاں یہ بات غور طلب ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے طریقہ کار کو نظر انداز کیا اور جب ملزم کو حادثے کے بعد کوہسار پولیس اسٹیشن لے جایا گیا تو اس کے ساتھ نرمی برتی گئی۔

طریقہ کار کے مطابق کسی بھی گرفتار سفارتکار کو اپنے استثنیٰ کا دعویٰ کرتے ہوئے سفارتی کارڈ پولیس کو دکھانا پڑتا ہے، جس کے بعد معاملہ دفتر خارجہ منتقل کردیا جاتا ہے۔

دفتر خارجہ متعلقہ سفارتخانے سے گرفتار اہلکار کے استثنیٰ کے حوالے سے سوال کرتا ہے، متعلقہ سفیر اپنے اہلکار کے سفارتی استثنیٰ کے حوالے سے آفیشل لیٹر ہیڈ پر گرفتار اہلکار کے سفارتی استثنیٰ کا دعویٰ کرتا ہے، بعدِ ازاں اس خط کو دفترخارجہ کی جانب سے وزارتِ داخلہ کو ارسال کر دیا جاتا جو پولیس حکام کو گرفتار سفارتکار کو رہا کرنے کے احکامات جاری کرتا ہے۔

پولیس حکام نے ڈان کو بتایا کہ امریکی سفارتکار کو مذکورہ طریقہ کار کے بغیر ہی جانے کی اجازت دے دی گئی، جبکہ کوہسار پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں دفترخارجہ کی جانب سے زبانی تصدیق موصول ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: پولیس کی امریکی ملٹری اتاشی کا نام واچ لسٹ میں ڈالنے کی سفارش

انہوں نے بتایا کہ جب یہ واقعہ رونما ہوا تو وہ ہفتے کا دن تھا اور اس دن پاکستان میں حکومتی دفاتر بند ہوتے ہیں، اور اگر طریقہ کار کی باضابطہ طور پر پیروی کی جاتی تو پھر سفارتکار کو پیر کے روز تک قید میں رہنا ہوتا، اور یہ ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات 1961 کی خلاف ورزی بھی نہیں ہے۔

تھانہ سیکریٹریٹ کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) ذوہیب نصر اللہ رانجھا کا کہنا تھا کہ مزید قانونی کارروائی کے لیے چارج شیٹ پاکستان کے دفترخارجہ کو جمع کرائی جائے گی، جس میں سفارتکار کا ٹرائل بھی شامل ہے۔


یہ خبر 11 اپریل 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024