• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:26pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:42pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:42pm

ریسل مینیا 34 : دلچسپ مقابلوں اور غیرمتوقع نتائج سے بھرپور ایونٹ

شائع April 9, 2018
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
— فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای کا سال کا سب سے بڑا ایونٹ ریسل مینیا 34 دلچسپ مقابلوں اور غیرمتوقع نتائج سے بھرپور ثابت ہوا، خصوصاً فائنل میچ کا نتیجہ توقعات کے بالکل برعکس آیا جس نے دیکھنے والوں کو گنگ کرکے رکھ دیا۔

لگ بھگ 7 گھنٹے طویل اس ایونٹ میں 14 میچز ہوئے جن میں سے ایک میچ تو ایسا تھا جس کا اعلان بھی نہیں ہوا تھا اور وہ اچانک شروع ہوا۔

لیجنڈ ریسلر کی واپسی، یو ایف سی کی سابق چیمپئن کا ڈبلیو ڈبلیو ای میں ڈیبیو، رومن رینز اور بروک لیسنر کا دوسری بار ریسل مینیا میں ٹکراﺅ اور 10 سالہ بچے کے چیمپئن بننے تک، اس میں بہت کچھ ہوا۔

ایونٹ کے پری شو میں تین مقابلے میں آندرے دی جائنٹ میموریل بیٹل رائل کو میٹ ہارڈی نے جیتا، پہلی دفعہ ایک پاکستانی نژاد ریسلر مصطفیٰ علی ریسل مینیا میں کروزر ویٹ چیمپئن شپ میچ کا حصہ بنا، تاہم ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ویمن بیٹل رائل ناﺅمی نے اپنے نام کیا۔

شو کے دیگر میچز کچھ اس طرح رہے۔

انٹر کانٹی نینٹل چیمپئن شپ

یہ میچ چیمپئن دی میز، سیٹھ رولنز اور فن بیلور کے درمیان ہوا اور صحیح معنوں میں دلچسپ اور دیکھنے والوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز رکھنے میں کامیاب رہا۔ تینوں ریسلرز نے اپنی صلاحیتوں سے متاثر کیا اور کئی مواقعوں پر جیت کے پاس پہنچے تاہم کسی نہ کسی مداخلت کے باعث مقابلہ چلتا رہا۔ آخر میں فن بیلور نے دی میز پر اپنے مخصوص داﺅ لگایا مگر اس موقع پر سیٹھ رولنز نے بیلور اور میز دونوں کو اپنے داﺅ اسٹومپ کا نشانہ بنا کر پہلی بار انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن شپ جیت لی، اس طرح وہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تمام چیمپئن شپس جیتنے والے چند ریسلرز کا حصہ بھی بن گئے۔

گریڈ : اے

اسمیک ڈاﺅن ویمن چیمپئن شپ

فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

لگ بھگ 3 سال سے ناقابل شکست آسکا کا مقابلہ ویمن چیمپئن شارلیٹ فلیئر سے تھا اور یہ کسی بھی طرح مین ایونٹ سے کم نہیں تھا۔ ایک طرف آسکا کو اپنے ناقابل شکست ریکارڈ کو بچانا تھا، وہی شارلیٹ کے لیے چیمپئن شپ کا دفاع آسان نہیں تھا، دونوں ریسلرز نے اس کے لیے ہر طرح سے کوشش کی یہاں تک کہ چیمپئن کا بایاں کندھا بھی زخمی ہوگیا، تاہم اختتام پر شارلیٹ نے اپنے مخصوص سب میشن داﺅ میں آسکا کو پھنسا لیا اور اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا جو کہ دیکھنے کے لیے انتہائی غیرمتوقع ثابت ہوا کیونکہ خیال کیا جارہا تھا کہ آسکا ہی چیمپئن شپ اپنے نام کریں گی۔

گریڈ : اے

یو ایس چیمپئن شپ

اس میچ میں رینڈی اورٹن یو ایس چیمپئن شپ کا دفاع بوبی روڈ، جندر مہل اور روسوف سے کرنا تھا، اور بھارتی نژاد ریسلر نے آخر میں روسوف کو چت کرکے چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

گریڈ : سی

کرٹ اینگل اور رونڈا راﺅسی بمقابلہ ٹرپل ایچ اور اسٹیفنی میککموہن

یہ ڈبلیو ڈبلیو ای میں سابق یو ایف سی چیمپئن رونڈا راﺅسی کا ڈیبیو میچ تھا اور کیا کمال آغاز ثابت ہوا، میچ کے پہلے ہاف میں تو رونڈا اپنے کارنر میں کھڑی ٹرپل ایچ کو اپنے ساتھی کرٹ اینگل کو مارتے دیکھتی رہیں، تاہم جیسا ہی انہیں ٹیگ کے ساتھ موقع ملا تو انہوں نے اسٹیفنی میککموہن کی ٹھکائی شروع کردی جسے وہاں دیکھنے والوں نے خوب سراہا۔ اسٹیفنی نے مزاحمت کی کوشش کی مگر سابق یو ایف سی چیمپئن کو مزید بھڑکا دیا، تاہم میچ کا دلچسپ منظر وہ تھا جب رونڈا نے ٹرپل ایچ پر گھونسوں کی بارش کی، آخر میں انہوں نے اسٹیفنی کو اپنے سب میشن داﺅ آرم بار کا نشانہ بنا کر انہیں ہار ماننے پر مجبور کردیا۔

گریڈ : اے

اسمیک ڈاﺅن ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ

چیمپئن اوسوز کا مقابلہ نیو ڈے اور بلجن برادرز سے تھا،اور بلجن برادرز یعنی ہارپر اور رون ہی میچ پر چھائے رہے اور چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔

گریڈ : بی

جان سینا بمقابلہ انڈر ٹیکر

ایونٹ کے آغاز پر جان سینا ایک پرستار کے طور پر لوگوں کے ساتھ بیٹھے اور کافی دیر تک وہاں بیٹھے رہے، تاہم اسمیک ڈاﺅن ویمن چیمپئن شپ کے دوران ایک ریفری نے سرگوشی میں کچھ کہا تو وہ بیک اسٹیج بھاگے اور پھر جب وہ میچ کے لیے تیار ہوکر آئے تو انڈر ٹیکر کی بجائے ایلیاز نمودار ہوئے جنھوں نے ایک گانا گاتے ہوئے جان سینا کا مذاق اڑایا، جس پر جان سینا نے اپنا غصہ ایلیاز پر نکال دیا اور پھر اچانک ہی انڈر ٹیکر نمودار ہوئے۔ ریسل مینیا 33 کے بعد سے خیال کیا جارہا تھا کہ لیجنڈ ریسلر ریٹائر ہوچکے ہیں تاہم ان کی اس ایونٹ میں آمد متوقع تھی مگر ڈیڈمین کا جان سینا کو انتہائی آسانی سے ہرانا ضرور حیران کن ثابت ہوا۔ انڈر ٹیکر نے جان سینا کو صرف 2 منٹ اور 45 سیکنڈ میں شکست دے دی، اس طرح یہ ریسل مینیا میں ڈیڈمین کے 26 میچز میں سب سے مختصر ثابت ہوا۔

گریڈ : سی

ڈینیئل برائن اور شین میککموہن بمقابلہ کیون اوئنز اور سمیع زین

یہ کئی برس بعد ڈینیئل برائن کی ریسلنگ رنگ میں واپسی تھی اور اس میچ میں کیون اوئنز اور سمیع زین کی ملازمت داﺅ پر لگی تھی، کیونکہ انہیں اسمیک ڈاﺅن سے برطرف کیا جاچکا ہے تاہم اس میچ کو جیت کر وہ دوبارہ کمپنی کا حصہ بن سکتے تھے۔ میچ کے آغاز میں کیون اوئنز اور سمیع زین نے ڈینیئل برائن کو انجرڈ کردیا تھا، جس کے بعد وہ دونوں شین میککموہن پر اپنا غصہ نکالتے رہے۔ تاہم ڈینیئل برائن پھر واپس آئے اور آخر میں سمیع زین کو سب میشن داﺅ میں پھنسا کر اپنی واپسی کو یادگار بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

گریڈ : بی پلس

را ویمن چیمپئن شپ

یہ میچ 2 سابق دوستوں یعنی ویمن چیمپئن الیکسا بلیس اور نیا جیکس کے درمیان تھا، بظاہر الیکسا اور نیا جیکس کے درمیان کوئی خاص مقابلہ نظر نہیں آتا تھا، تاہم مختصر جسامت کے باوجود چیمپئن نے کافی اچھا مقابلہ کیا مگر پھر بھی نیا جیکس کو چیمپئن بننے سے روک نہیں سکیں۔

گریڈ : بی

ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن شپ

چیمپئن اے جے اسٹائلز اور شنسکے ناکامورا کے درمیان اس ڈریم میچ کا انتظار پرستاروں کو طویل عرصے سے تھا، چیمپئن شروع میں میچ کا کنٹرول سنبھالنے میں کامیاب رہے، تاہم پھر جاپانی ریسلر نے اپنے حملوں سے مخالف کو دنگ کردیا۔ ایک موقع پر شنسکے ناکامورا گھٹنے جبکہ چیمپئن کمر کی انجری کا شکار نظر آئے، مگر آخر میں اے جے اسٹائلز نے اپنے داﺅن اسٹائلز کلیش کے ذریعے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔ اس موقع پر ایسا لگا کہ جاپانی ریسلر اپنے حریف کو مبارکباد دے رہے ہیں مگر انہوں نے اچانک اے جے اسٹائلز کو مار کر پرستاروں کو ششدر کردیا کیونکہ انہیں اس کی امید نہیں تھی۔

گریڈ : اے

را ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ

چیمپئن ٹیم سیزارو اور شیمس کا مقابلہ براﺅن اسٹرومین اور ان کے نامعلوم ساتھی سے تھا، اور براﺅن اسٹرومین نے میچ کے دوران اعلان کیا کہ ان کا ساتھی کوئی ریسلر نہیں بلکہ ایک پرستار ہوگا اور انہوں نے ہجوم میں سے 10 سالہ بچے نکولس کا انتخاب کیا۔ ایک موقع پر وہ بچہ بھی میچ میں آیا بلکہ چند سیکنڈ بعد ہی براﺅن اسٹرومین نے پاور سلیم کے ذریعے ٹیگ ٹیم چیمپئن شپ جیت لی اور پہلی بار ایک 10 سالہ بچہ بھی باقاعدہ چیمپئن بن گیا۔ میچ کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ درحقیقت ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک ریفری جان کون کا بیٹا ہے اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس کا انتخاب بلاسوچے سمجھے نہیں کیا گیا۔

گریڈ : بی

یونیورسل چیمپئن شپ

لگ بھگ 2 سال بعد رومن رینز ایک بار پھر بڑی چیمپئن شپ جیتنے کے قریب تھے اور یہ وہ خیال ہے جو ایک سال سے سامنے آرہا تھا اور لوگوں کو یقین تھا کہ رومن رینز بروک لیسنر کو ہرا کر نئے چیمپئن بن جائیں گے۔ تاہم نیتجہ بالکل غیرمتوقع ثابت ہوا کیونکہ بروک لیسنر نے میچ کو رومن رینز کو لہولہان کرنے کے بعد آخر میں میچ بھی جیت لیا، جس پر یقین کرنا مشکل اس لیے بھی ہے کیونکہ مانا جارہا تھا کہ بروک لیسنر ریسل مینیا کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای چھوڑ کر یو ایف سی جارہے ہیں اور اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ان کی غیرمتوقع کامیابی کے پیچھے کیا وجہ چھپی ہے۔

گریڈ : بی

تبصرے (1) بند ہیں

moviesbelt.com Apr 10, 2018 12:25am
is bar kamal ka event tha wrestlemania 34 zabar dast maza aa gaya yar dekhne ka pure 5 ghante or 10 minute ka event hain online internet pe or brook lesnar ka koi alternate nahi WWE main us k jesa wrestler hazaron saalon mian ek banta hai

کارٹون

کارٹون : 13 جنوری 2025
کارٹون : 12 جنوری 2025