• KHI: Maghrib 6:45pm Isha 8:02pm
  • LHR: Maghrib 6:17pm Isha 7:39pm
  • ISB: Maghrib 6:23pm Isha 7:47pm
  • KHI: Maghrib 6:45pm Isha 8:02pm
  • LHR: Maghrib 6:17pm Isha 7:39pm
  • ISB: Maghrib 6:23pm Isha 7:47pm

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج

شائع April 9, 2018

ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کے خلاف بجلی چوری پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ملتان کے تھانہ مظفرآباد میں عامر ڈوگر کے خلاف ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کے سب ڈویژن افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے میں کہا گیا کہ عامر ڈوگر کے گھر میں بجلی کا لوڈ زیادہ تھا اور ایئر کنڈیشنز (اے سی) اور پنکھے چل رہے تھے لیکن میٹر پر اس کا لوڈ نہیں تھا۔

مزید پڑھیں: بجلی کے ناقص ترسیلی نظام سے قومی خزانے کو 213 ارب کا نقصان

میپکو ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کے خلاف مقدمہ مکمل تحقیقات کے بعد درج کرایا گیا اور اس مقدمے میں بجلی چوری ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ عامر ڈوگر کے خلاف یہ مقدمہ میپکو کی درخواست پر درج کیا گیا اور اس معاملے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ بجلی کی چوری کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں تھی اور مقدمہ درج ہونے کے بعد اس حوالے سے علم ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے گھر میں 4 سے 5 میٹر لگے ہوئے ہیں اور یہ میپکو حکام کی جانب سے ہی کوئی غفلت ہے، جس کی وجہ سے لوڈ نظر نہیں آرہا اور انہیں اس مقدمے میں پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'پرویز خٹک کا بھتیجا بجلی چوری میں ملوث'

واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ تحریک انصاف کے کسی رکن اسمبلی کے خلاف بجلی کی چوری کے معاملے پر مقدمہ درج کیا گیا ہو، اس سے قبل 2014 میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کی بجلی کاٹ دی گئی تھی۔

خیال رہے کہ اس وقت عمران خان کے گھر کی بجلی کاٹنے کی وجہ سول نافرمانی تحریک کے تحت بل نہ جمع کرانا بتائی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 25 مارچ 2025
کارٹون : 24 مارچ 2025