• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ارمیلا ماٹونڈکر کا اپنے آئٹم گانے کو ڈانس نمبر ماننے سے انکار

شائع April 3, 2018

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

آنے والی بولی وڈ فلم ’بلیک میل‘ میں شامل خصوصی آئٹم گانے ’بے وفا بیوٹی‘ سے قریبا ایک دہائی بعد اسکرین پر واپسی کرنے والی اداکارہ ارمیلا ماٹونڈکر کی ڈانس پرفارمنس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

44 سالہ ارمیلا ماٹونڈکر کا ’بے وفا بیوٹی‘ آئٹم گانا ایک ایسے وقت میں سامنے آیا، جب کہ کرن جوہر اور شبانہ اعظمی سمیت دیگر فلمی شخصیات ڈانس نمبرز کو فلموں میں شامل کرنے کی مخالفت کر رہے ہیں۔

کرن جوہر اور شبانہ اعظمی کے مطابق آئٹم گانے خواتین کو جنسی شے کے طور پر دکھانے اور ان کی تضحیک کرنے کے مترادف ہیں۔

ایسے وقت میں جب ارمیلا ماٹونڈکر نے آئٹم گانے سے اسکرین پر واپسی کی تو انہیں تنقید کا نشانہ بنائے جانے کے بجائے ان کی تعریفیں کی گئیں۔

حالانکہ ان کے ساتھ ہی جیکولین فرنانڈس نے بھی ماضی کے مقبول گانے ’ایک، دو، تین ‘ کے ریمیک میں رقص کیا، تاہم انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

اگرچہ ارمیلا ماٹونڈکر کی ڈانس پرفارمنس پر تنقید نہیں کی گئی، تاہم پھر بھی اداکارہ نے’بے وفا بیوٹی‘ کو آئٹم گانا تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔

انڈین ایکسپریس کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں ارمیلا ماٹونڈکر کا کہنا تھا کہ جب ان سے فلم ’بلیک میل‘ کی ٹیم نے گانے کے رابطہ کیا تو انہیں فلم کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ’بے وفا بیوٹی‘ عام آئٹم گانے جیسا نہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہیں ہدایت کار نے بتایا کہ وہ ’بے وفا بیوٹی‘ کو جذبات اور انتہائی کلاسیکل پرفارمنس کے ذریعے ماضی کے مقبول گیتوں کی طرح شوٹ کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’چھما چھما‘ گرل ارمیلا ماٹونڈکر اور ’بے وفا بیوٹی‘

44 سالہ اداکارہ نے بتایا کہ ہدایت کار ’بے وفا بیوٹی‘ کو ماضی کے گانے ’اے مہرباں‘ کی طرح شوٹ کرنا چاہتے تھے۔

ارمیلا ماٹونڈکر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے گانے کا دوسرے آئٹم گانوں سے موازنہ نہیں کرنا چاہتی تھیں۔

اداکارہ کا ماننا تھا کہ ان کا گانا ڈانس اور آئٹم نمبر سے کہیں زیادہ ہے۔

ساتھ ہی اداکارہ نے گانے میں اپنی پرفارمنس کو فلمی دنیا میں واپسی قرار نہیں دیا، بلکہ ان کے خیال میں یہ ایک عام اور اداکاری سے چھوٹی چیز ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ارمیلا ماٹونڈکر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیشہ خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی فلموں میں کام کیا ہے اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے ہمیشہ کامیاب فلمیں دیں۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے مشکل ترین کرداروں کو بھی اپنی اداکاری اور فٹنیس کے باعث کامیاب بنایا۔

واضح رہے کہ ارمیلا ماٹونڈکر نے ’بلیک میل‘ میں ’بے وفا بیوٹی‘ سے قبل بھی متعدد فلموں میں آئٹم گانوں میں پرفارمنس کی ہے۔

انہیں منفرد ڈانس کی وجہ سے ’چھما چھما‘ گرل بھی کہا جاتا ہے، کیوں کہ انہوں نے 1998 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ’چائنہ گیٹ‘ کے مشہور گانے ’چھما چھما‘ میں شاندار پرفارمنس کی تھی۔

واضح رہے کہ فلم ’بلیک میل‘ کی ہدایات ابھینے دیو دے رہے ہیں، جب کہ فلم کی کاسٹ میں عرفان خان، کرٹی کلہاری، دیویا دتا، ارونودے سنگھ اور اومی وائڈیا سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

عرفان خان کی اس فلم کو رواں ماہ 6 اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔

—فوٹو: انڈین ایکسپریس
—فوٹو: انڈین ایکسپریس

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024