پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹی20 میچ میں 143 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر کراچی میں 9 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو یادگار بنا دیا۔
کراچی میں تقریباً ایک دہائی بعد میچ ہونے کے باوجود 33ہزار گنجائش کے حامل نیشنل اسٹیڈیم میں صرف 18ہزار تماشائی میچ دیکھنے کے لیے آئے لیکن تقریباً آدھا اسٹیڈیم خالی ہونے کے باوجود لوگوں نے اپنے جوش و جذبے سے میچ میں سماں باندھ دیا۔
میچ دیکھنے کے لیے آئی زہرہ کاظمی نامی خاتون نے کہا کہ یہی وہ چیز ہے جو ہم عرصے سے ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ ملک کرکٹ کے لیے بالکل محفوظ ہے۔
آفتاب خان نامی طالبعلم نے کہا کہ میں اپنے احساسات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، ہم تمام انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
واضح رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے اور یہ 9 سال بعد کراچی میں پہلا انٹرنیشنل میچ کھیلا گیا ہے۔