• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

یوم پاکستان پریڈ: ’دہشتگردی کا مقابلہ بڑی جدوجہد سے کیا‘

شائع March 23, 2018
یومِ پاکستان پریڈ میں غیر ملکی فوجی دستوں کا مارچ پاسٹ

اسلام آباد: قرارداد پاکستان کے 78 سال پورے ہونے پر آج ملک بھر میں یومِ پاکستان روایتی جوش و خروش اور اس عزم کے ساتھ منایا رہا ہے کہ قرارداد پاکستان کی روشنی میں ملک کو عظیم سے عظیم تر بنائیں گے۔

علی الصبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

بعد ازاں لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد بھی ہوا جس میں پاک فضائیہ کے دستے نے مزار پر گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔

یوم پاکستان پر سب سے بڑے شہر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جب کہ اس موقع سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

پاکستان میں حکومتی سطح پر ہر سال 23 مارچ کو تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جب کہ فوجی پریڈ کو تقریبات میں منفرد اہمیت حاصل ہے۔

ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، ممنون حسین

پریڈ گراؤنڈ میں یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہماری تاریخ میں 23 مارچ جیسا کوئی دن نہیں، اس دن ہمارے بزرگوں نے ایک جدید اور جمہوری ملک بنانے کا عزم کیا.

انہوں نے واضح کیا کہ بعض طاقتوں کی جانب سے خطے میں دہشت گردی کو ہوا دینے کا عمل جاری ہے اور پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردوں کے خلاف غیر معمولی قربانی دیں اور اسی تناظر میں امن و امان کی بحالی میں قربانیاں دینے والوں کے لیے تمغہ عزم کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ساتھ ہی اس یوم پاکستان کی پریڈ میں ترکی، متحدہ عرب امارات اور اردن کے دستوں کی موجودگی پر بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے بھارت کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی پر ظلم کے پہاڑ توڑنا بند کردے کیونکہ آزادی کی تحریک کو ظلم سے نہیں دبایا جاسکتا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے تحت دہشتگردی کا مقابلہ بڑی جدوجہد سے کیا اور آج کے دن کی مناسبت سے امن و امان کی بحالی میں قربانیاں دینے والوں کے لیے تمغہ عزم کا اعلان کرتا ہوں۔

تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ عمل باعث اطمینان ہے کہ ہمارے جمہوری ادارے بحال ہیں اور دو جمہوری حکومتیں اپنی مدت پوری کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔

انہوں نے پریڈ کے شاندار انعقاد پر کمانڈر، شرکاء، مقامی انتظامیہ کو سلام پیش کرتے ہوئے نصیحت کی کہ ہمارے بہادر جوان ملک و ملت کی حفاظت کے لیے ایمانداری کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں۔

یومِ پاکستان کی تقریب اور افواج کی پریڈ

یوم پاکستان کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں صبح 9 بجے شروع ہوئی، جس میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی۔

—فوٹو: ڈان نیوز
—فوٹو: ڈان نیوز

تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے جبکہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان، وزیر دفاع خرم دستگیر سمیت اراکین پارلیمان اور دیگر رہنماؤں اور مہمانوں نے شرکت کی۔

علاوہ ازیں سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے بھی خصوصی طور پر یومِ پاکستان کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی غیر ملکی فوجی وفود نے یومِ پاکستان پر ہونے والی پریڈ میں شرکت کی جن میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، اردن اور ترکی کے دستے شامل تھے۔

پریڈ میں پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور، ناردرن لائٹ انفنٹری، اسلام آباد پولیس، پنجاب رینجرز کے کیمل بینڈ سمیت تینوں مسلح افواج کے اسپیشل سروس گروپ نے حصہ لیا۔

دوست ملک چین کے اشتراک سے پاکستان میں تیار کیے گئے جے ایف -17 تھنڈر طیارے سمیت ایف 16، میراج اور دیگر لڑاکا طیاروں نے فضائی مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ پیش کیا۔

غیر ملکی مسلح افواج کی سلامی

یوم پاکستان کی تقریب میں پہلی بار متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے تینوں مسلح افواج کے دستے نے شرکت کی اور شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلامی پیش کی۔

یو اے ای کا دستہ اپنا قومی پرچم تھامے سلامی چبوترے کے سامنے سے گزرا جس کی قیادت خالد حامد البلوشی کررہے تھے۔

بعدِازاں اردن کے مسلح افواج کے دستے نے بھی شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا جبکہ عسکری بینڈ نے ‘جیوے جیوے پاکستان اور اللہ اکبر‘ کی دھن بجا کر خراج تحسین پیش کیا اور سلامی بھی پیش کی۔

یوم پاکستان کی پریڈ میں پاکستان کے جدید ترین فوجی سازو سامان، میزائل اور دفاعی آلات کی نمائش بھی کی گئی۔

پریڈ کے بعد ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس مظاہرہ کیا گیا جبکہ صوبہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی رنگ بھی بکھیرے گئے۔

بیرون ملک پاکستانی مشنز، سفارتخانوں میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا جن میں صدر و وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے جائیں گے جبکہ قومی پرچم بھی لہرایا جائے گا۔

اس موقع پر ملک بھر میں قومی، سیاسی اور سماجی اداروں کی جانب سے تحریکِ پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔

یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں خصوصی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایا کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی اہم شخصیات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024