• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: نوری آباد کے قریب کار اور ٹرالر میں تصادم، 4 افراد ہلاک

شائع March 19, 2018

کراچی: سندھ کے علاقے نوری آباد کے قریب موٹر وے پر تیز رفتار کار اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار 4 افراد ہلاک جبکہ 2 بچے زخمی ہوگئے۔

حادثے کی خبر ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق موٹر وے ایم نائن پر نوری آباد کے قریب ہونے والے اس حادثے کے مبینہ ذمہ دار ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جبکہ حادثے کے شکار افراد حیدرآباد سے کراچی آرہے تھے۔

مزید پڑھیں: سیہون: انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت محمد شاکر میمن، محمد عمیر میمن، حسیب اور زین العابدین کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں 12 سالہ فرقان اور ظہیر شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثہ ٹریلرڈرائیور کی غلطی کے باعث پیش آیا جب وہ ٹریلر کو اچانک فاسٹ ٹریک پر لے آیا جس کی وجہ سے عقب سے آنے والی تیز رفتار کار اس سے اچانک ٹکرا گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرکے نوری آباد تھانے منتقل کردیا گیا۔

ہلاک ہونے والے ایک شخص عمیر کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ 30 سالہ عمیر شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ تھا جو گارمنٹس کا کام کرتا تھا اور ہر اتوار حیدرآباد جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: سپر ہائی پر ٹریفک حادثہ، 8 افراد ہلاک

ان کا مزید کہنا تھا کہ گاڑی کرائے پر لی گئی تھی تاہم یہ نہیں جانتے کہ گاڑی میں مزید کون لوگ تھے، جبکہ اس معاملے میں کوئی قانونی کارروائی بھی نہیں چاہتے۔

خیال رہے کہ اکثر موٹر وے پر ڈارئیورز کی غفلت کی وجہ سے جان لیوا حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں انڈس ہائی وے پر سن کے قریب دو مسافر کوچوں اور وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 خواتین اور 5 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024