ذوالفقار مرزا کا فریال تالپور کے خاوند کے خلاف الیکشن میں شرکت کا اعلان
بدین: سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے میر منور علی تالپور کے خلاف آئندہ عام انتخابات میں کھڑے ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ میر منور علی تالپور، سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن اور رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کے خاوند ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقارعلی مرزا کا کہنا تھا کہ 'میرے حمایتیوں کے اصرار پر میں لیاری اور میر پور خاص سے اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات لڑوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'میری زندگی کو خطرات ہونے کے باوجود میں سندھ کی عوام کو کرپٹ سیاستدانوں کی حکمرانی سے نجات دلاؤں گا‘۔
مزید پڑھیں: ذوالفقار مرزا کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجنے پر غور
انہوں نے کہا کہ ان کے سیاسی مخالفین کو سزا کے لیے تیار ہوجانا چاہیے، انہیں ان کی برسوں سے جاری بدفعلی اور کرپشن کی سزا نہیں ملی ہے۔
ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور ان کے قریبی ساتھی کا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں کیونکہ تمام رہنما قومی خزانے کو لوٹنے میں ملوث تھے اور انہیں ملک سے بھاگنے نہیں دیا جائے گا بلکہ انہیں جیل کی سلاخوں کی پیچھے ڈالا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نا اہل اور کرپٹ سیاستدانوں کا خاتمہ قریب ہے اور جو ریٹرننگ افسران کی مدد سے انتخابات میں دھاندلی کی تیاری کر رہے ہیں وہ بیوقوفوں کی دنیا میں رہ رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ نگراں حکومت کے آتے ہی بھٹو کے اصل جانشین پیپلز پارٹی سے اپنے راستے الگ کرلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ذوالفقار مرزا عدالت سے رجوع کریں: قمرزمان کائرہ
ذوالفقار مرزا کا ماننا ہے کہ آصف زرداری کے ساتھیوں کو بری طرح شکست ہوگی اور ایک وسیع جمہوری اتحاد سندھ میں حکومت بنائے گا کیوںکہ عوام نا اہل حکمرانوں اور ان کی کرپشن کی داستانوں سے تنگ آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بدین میں عوام کو پینے کے لیے پانی نہیں ملتا اور کینالز کے ساتھ رہنے والی عوام گندہ پانی پینے پر مجبور ہے۔
انہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں صاف پانی سے محروم رکھنے والے اور ان کے بنیادی حقوق نہ دینے والوں کو مسترد کردیں۔
یہ خبر ڈان اخبار میں 16 مارچ 2018 کو شائع ہوئی