بلاول بھٹو زرداری نے شیری رحمٰن کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹ میں شیری رحمٰن کو اپوزیشن لیڈر نامزد کردیا۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کرنے جارہی ہے کیونکہ اب سینیٹ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون اپوزیشن لیڈر ہوں گی۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپوزیشن لیڈر کے لیے ابتداء میں میاں رضا ربانی اور فاروق ایچ نائیک کے ناموں پر بھی غور کیا تھا لیکن پارٹی قیادت نے امریکا میں پاکستان کی سابق سفیر شیری رحمٰن کو اپوزیش لیڈر بنانے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں: پیشِ خدمت ہے ڈرامہ سیریل ’سینیٹ انتخاب‘
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے ایوانِ بالا میں اپوزیشن لیڈر بننے سے انکار کردیا تھا۔
پی پی پی کے رہنما قیوم سومرو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس اکثریت موجود ہے اور وہ ایوانِ بالا میں اپنا اپوزیشن لیڈر لے کر آئے گی جس کے لیے کاغذات نامزدگی بھی جمع کروائے جائیں گے۔
ادھر رکنِ قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے نو منتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور انہیں پورے ایوان کو ساتھ لے کر چلنے کا مشورہ دیا۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے خورشید سے کہا کہ وہ سینیٹ میں تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: حکمراں جماعت کو سینیٹ انتخابات میں ناکامی کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟
انہوں نے پی پی پی رہنما سے کہا کہ یہ عہدہ بہت بڑی ذمہ داری ہے تاہم اس ذمہ داری میں کامیاب ہونے کے لیے آپ کی دعا، تعاون اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ 12 مارچ کو پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعتوں کے حمایت یافتہ امیدوار صادق سنجرانی سینیٹ کے نئے چیئرمین جبکہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین منتخب ہوگئے۔