جاسوسی کیے جانے پر نوازالدین کی اہلیہ نے خاموشی توڑدی
2 دن قبل بولی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ انہوں نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کی جاسوس کی۔
ان پر الزام تھا کہ انہوں نے نجی جاسوسوں سے اپنی بیوی انجلی عرف عالیہ صدیقی کے فون کے ڈیٹا کا ریکارڈ مانگا تھا۔
نوازالدین صدیقی کو اسی کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ممبئی کے نواحی شہر تھانے کی کرائم برانچ پولیس اسٹیشن نے سمن بھی جاری کیا تھا۔
اگرچہ نوازالدین صدیقی نے بھی خبر سامنے آنے کے بعد حیرانگی کا اظہار کیا تھا، تاہم اب ان کی اہلیہ نے اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑ دی۔
اداکار کی اہلیہ نے اپنے معصوم شوہر پر جاسوسی اور فون ڈیٹا حاصل کرنے جیسے الزامات لگنے کے بعد فیس بک پر لمبی چوڑی پوسٹ شیئر کی، جس میں انہوں نے تمام الزامات کی وضاحت کی۔
عالیہ صدیقی نے اپنے شوہر پر جاسوسی کے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ سلیبرٹی ہونے کی وجہ سے ان کے شوہر کو سافٹ ٹارگٹ بنایا گیا۔
عالیہ صدیقی نے اپنی لمبی چوڑی پوسٹ میں نہ صرف اپنے اور نوازالدین صدیقی کے تعلقات کے بارے میں وضاحت کی بلکہ انہوں نے اپنے اور شوہر کے الگ الگ مذاہب سے تعلق سے متعلق بھی بتایا۔
نوازالدین صدیقی کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق ہندو برہمن خاندان جب کہ ان کے شوہر کا تعلق ایک مسلمان گھرانے سے ہے، تاہم اس کے باوجود ان کے شوہر نے آج تک ان پر اپنا مذہب تھوپنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ وہ ان کے ہندو مذہب کا اتنا ہی احترام کرتے ہیں، جتنا اپنے مذہب کا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نوازالدین صدیقی پر بیوی کے فون ریکارڈ کی جاسوسی کا الزام
انجلی عرف عالیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اداکار سے 15 سال قبل اس وقت شادی کی، جب وہ مکمل طور پر سلیبرٹی نہیں بنے تھے، ان میں آج بھی ایسے ہی تعلقات ہیں، جو ڈیڑھ دہائی قبل تھے۔
عالیہ صدیقی نے ہندی میں لکھی گئی اپنی پوسٹ میں کہا کہ نوازالدین صدیقی پر حالیہ الزامات سے قبل ان پر اس وقت بھی الزامات لگائے گئے، جب ان کی بائیوگرافی سامنے آئی۔
عالیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ جھوٹ نہیں بولتے اور اندر میں کوئی میل نہیں رکھتے، وہ جتنا اپنے لیے اسپیس پسند کرتے ہیں، اتنا ہی دوسروں کے لیے کرتے ہیں۔
نوازالدین صدیقی کی کہا کہ حالیہ خبر سن کر نہ صرف ان کے شوہر بلکہ وہ خود بھی پریشان ہوگئیں، جس وجہ سے مجبور ہوکر انہوں نے اپنی خاموشی توڑی اور وضاحت پیش کی۔
عالیہ صدیقی کا کہنا تھا کہ رہی بات ان کے شوہر پر جاسوسی کے الزامات کی تو بہت ہی جلد ان الزامات کی سچائی بھی آجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وہ یہاں صرف یہ وضاحت کرنا چاہتی ہیں کہ ان کے شوہر پر ان کی جاسوسی کے لگائے گئے الزامات غلط ہیں، ان کے شوہر کو سلیبرٹی ہونے کی وجہ سے سافٹ ٹارگٹ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں: نوازالدین صدیقی پر خاتون کو ذہنی طور پر پریشان کرنے کا الزام
واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی کو پولیس نے اس وقت سمن جاری کیے، جب لوگوں کے فون کے ڈیٹا کی جاسوسی کرنے والے 11 افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی نشاندہی کے بعد ہی نوازالدین صدیقی، ان کی اہلیہ اور ان کے وکیل کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے سمن جاری کیے گئے۔
پولیس نے بتایا تھا کہ گرفتار افراد نے بتایا کہ نوازالدین صدیقی نے بھی ان سے اپنی بیوی کے فون کا ڈیٹا حاصل کیا تھا۔