• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
شائع February 28, 2018

اداکارہ کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

انٹرٹینمنٹ ڈیسک

بولی وڈ کی سپر اسٹار سری دیوی کی آخری رسومات سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کردی گئیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ 24 فروری کی رات 9 بجے کے بعد دبئی کے معروف امیریٹس ٹاورز ہوٹل میں نہانے کے دوران پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے چل بسیں تھیں۔

ابتدائی طور پر کہا گیا تھا کہ سری دیوی کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی ہے، تاہم 26 فروری کو دبئی پولیس کی جانب سے اداکارہ کی جاری کردہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ان کی موت کو حادثہ قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ نہانے کے دوران بے ہوش ہونے کی وجہ سے ڈوب کر ہلاک ہوئیں۔

رپورٹ سے یہ بھی پتہ چلا تھا کہ اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کر رکھی تھی، جس وجہ سے وہ نہانے کے دوران بے ہوش ہوگئیں۔

سری دیوی دبئی میں اپنے شوہر بونی کے کپور کے بڑے بھتیجے کی شادی میں شوہر اور چھوٹی بیٹی خوشی کپور کے ساتھ گئی تھیں، وہ امیریٹس ٹاورز ہوٹل میں ٹھہری تھیں، جہاں ان کی موت ہوئی۔

دبئی پولیس اور پبلک پراسیکیوشن نے 27 فروری تک ان کے موت کی تحقیقات کیں، جس کے بعد اس کی موت کو حادثہ قرار دے کر تحقیقات بند کردی گئی تھی۔

سری دیوی کی لاش کو گزشتہ رات دبئی سے ممبئی لایا گیا، صبح 9 بجے سے ان کی لاش کو ممبئی کے علاقے لوکھنڈوالہ میں واقع اسپورٹس کلب میں رکھی گئی، جہاں اداکاروں و مداحوں کا رش رہا۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) کے مطابق سری دیوی کی رسومات ریاستی حکومت کے اعزاز کے ساتھ ادا کی گئیں۔

—فوٹو: اے پی
—فوٹو: اے پی

اداکارہ کی لاش کسی دلہن کی طرح سجایا گیا تھا، ان کے ماتھے پر تلک کا نشان لگانے سمیت انہیں سرخ ساڑہی پہنائی گئی، جب کہ ان کی میت کو اٹھانے والی ٹرک کو پھولوں سے سجایا گیا تھا۔

ان کی آخری رسومات میں ان کی اہل خانہ سمیت بولی وڈ ستاروں، معروف سیاسی، سماجی، میڈیا و کاروباری افراد سمیت ان کے ہزاروں مداحوں نے شرکت کی۔

—فوٹو: اے این آئی
—فوٹو: اے این آئی

سری دیوی کی آخری رسومات ان کے رہائش کے نواحی علاقے ولے پارلے کے ایک شمشان گھاٹ میں ادا کی گئیں، ان کے شوہر بونی کپور نے ان کی چتا جلائی۔