بیرون ملک 16 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے نظر بند اور قید ہونے کا انکشاف
اسلام آباد: وزارت خارجہ نے انکشاف کیا ہے کہ بیرون ملک مختلف ممالک میں 10 ہزار سے زائد پاکستانی نظر بند اور 6 ہزار پاکستانی قید ہیں۔
وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے بیرون ملک نظر بند اور قید پاکستانیوں کی تفصیلات تحریری طور پر سینیٹ میں پیش کیں۔
وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے سینیٹ کے اجلاس کے دوران تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون ملک 6 ہزار سے زائد پاکستانی قید ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سب سے زیادہ پاکستانی، سعودی عرب میں قید ہیں۔
مزید پڑھیں: حکومت سے بیرونِ ملک قید پاکستانیوں کو مدد فراہم کرنے کا مطالبہ
سینیٹ کو بتایا گیا کہ سعودی عرب میں 3 ہزار 87 پاکستانی قید میں ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 2 ہزار 710 پاکستانی قید ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق بنگلہ دیش میں 40 جبکہ ملائشیا میں 226 پاکستانی قید ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر خارجہ نے بتایا کہ بیرون ملک مختلف ممالک میں نظر بند کیے گئے پاکستانیوں کی کل تعداد 10 ہزار 715 ہے۔
یہ بھی پڑھیں: '9 ہزار سے زائد پاکستانی 100 ممالک کی جیلوں میں قید'
انہوں نے بتایا کہ بعض یورپی ممالک نظر بند ہونے والوں کی معلومات مہیا نہیں کرتے تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیرون ممالک میں نظر بند اور قید پاکستانیوں کو قانونی معاونت مہیا کردی گئی ہے۔