دھمکیوں کے باعث عارضی طور پر ملک چھوڑا، ریحام خان
سابق ٹی وی اینکر و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ انہوں نے خود کو ملنے والی مختلف دھمکیوں کے باعث عارضی طور پر ملک چھوڑا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں میزبان منیب فاروقی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنی کتاب کی اشاعت سے متعلق ملنے والی دھمکیوں کے باعث ملک چھوڑا۔
ریحام خان نے برطانیہ سے پروگرام میں شرکت کی، اور انہوں نے خود کو ملنے والی دھمکیوں، اپنی آنے والی کتاب اور اپنے مستقبل کے حوالے سے بھی بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں کچھ دھمکیاں ملی ہیں، تاہم وہ لندن سے کتاب کی اشاعت کرنے کے بعد وطن واپس آئیں گی۔
انٹرویو میں زیادہ تر ریحام خان نے اپنی گزشتہ زندگی سے متعلق باتیں کیں، اور اپنی طلاق سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں کی بھی وضاحت کی۔
ریحام خان نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ وہ کسی منصوبے کے تحت انتخابات کے مہینوں میں اپنی کتاب کو شائع کرکے عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ وہ چاہتی تھیں کہ وہ اپنی کتاب کو انتہائی سکون و آرام سے لکھیں، تاکہ اس میں لکھی گئی باتیں زیادہ پر اثر ہوں، اس لیے انہیں کتاب تیار کرنے میں دیر لگی، اور اب اسے جلد شائع کردیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی شائع ہونے والی کتاب ان کی ماضی کی تمام زندگی پر مبنی ہوگی، ایسا نہیں ہے کہ وہ کتاب صرف عمران خان کے ساتھ گزارے گئے وقت پر مبنی ہوگی۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ کتاب میں اپنی ذاتی زندگی سے متعلق بھی بہت ساری وضاحتیں بیان کریں گی۔
ڈان کی جانب سے ریحام خان سے جب رابطہ کیا گیا اور ان سے ملک چھوڑے جانے سے متعلق پوچھا تو انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے مستقل بنیادوں پر نہیں بلکہ عارضی وقت کے لیے ملک کو چھوڑا ہے، اور وہ کتاب کی اشاعت اور بچوں کو برطانیہ میں سیٹل کرنے کے بعد واپس وطن آئیں گی۔
انہوں نے دھمکیوں سے متعلق کہا کہ انہیں کسی ایک قسم کی خاص دھمکیاں نہیں ملیں، تاہم ان سے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ایک سابق کپتان نے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ عمران خان سے متعلق باتیں کرنا چھوڑ دیں۔
ریحام خان نے ڈان کو بتایا کہ طلاق کے بعد عمران خان نے انہیں موبائل پیغام میں کہا کہ انہیں پاکستان چھوڑ کر برطانیہ میں مستقل رہائش اختیار کرنی چاہیے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ کتاب کی اشاعت کے بعد وہ وطن واپس آئیں گی۔
خیال رہے کہ ریحام خان کی جانب سے جیو نیوز کو انٹرویو ایسے وقت میں دیا گیا ہے، جب کہ اس سے 3 دن قبل انہوں نے بھارتی ٹی وی ’انڈیا ٹی وی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان جتنے عمدہ کھلاڑی ہیں، وہ شادیاں کرنے کے حوالے سے بھی اتنے ہی بڑے کھلاڑی ہیں، تاہم شادیاں کرنے اور شادیاں نبھانے میں بڑا فرق ہے‘۔
انہوں نے اس انٹرویو میں اپنی اور عمران خان کی شادی کو عمران خان کی جانب سے خفیہ رکھنے پر بھی تعجب کا اظہار کیا کہ انہیں آج تک سمجھ نہیں آیا کہ وہ شادی کو خفیہ کیوں رکھنا چاہتے تھے۔
ریحام خان نے بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق بھی بات کی، اور کہا کہ انہیں ذرائع سے خبریں ملی ہیں کہ ان کی شادی ہوچکی ہیں، لیکن وہ یہ سمجھ نہیں پا رہیں کہ پی ٹی آئی چیئرمین اپنی تیسری شادی کو چھپا کیوں رہے ہیں۔