ہریتھک روشن کا ’سپر 30‘ روپ اور اکشے کمار کا ’گولڈ‘ چہرہ
بولی وڈ اداکار اکشے کمار کی فلم ’گولڈ‘ اور ہریتھک روشن کی فلم ’سپر 30‘ رواں برس ریلیز ہونے والی بڑی فلموں میں شمار ہوتی ہیں، جن کا شائقین کو بے حد انتظار ہے۔
اگرچہ دونوں فلموں کو ریلیز کیے جانے کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں کو 2018 کے اختتم تک ریلیز کردیا جائے گا۔
اب ہریتھک روشن کی ’سپر تھرٹی‘ کی پہلی جھلک اور اکشے کمار کی ’گولڈ‘ کا پہلا ٹیزر ٹریلر جاری کیا گیا ہے۔
اکشے کمار کی حقیقی واقعے پر مبنی فلم ’گولڈ‘ جس کا کئی لوگ بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں، بالآخر اس کے مختصر مگر جاندار ٹیزر ٹریلر کو جاری کردیا گیا۔
’گولڈ‘ کا ٹیزر ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے، جب اکشے کمار اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کی پروڈیوس کردہ فلم ’پیڈمین‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔
ٹیزر میں اکشے کمار کو بھارت کی پہلی ہاکی ٹیم بنانے کی کوششیں کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو بار بار اپنے سینیئر عہدیداروں کو یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ بھارتی اب تک انگریزوں کے لیے کھیلتے رہے، تاہم اب وہ اپنے وطن ہندوستان کے لیے کھیلیں گے اور جیت کر دکھائیں گے۔
خیال رہے کہ ’گولڈ‘ کی کہانی 1948 میں ہاکی کا پہلا گولڈ میڈل جیتنے والی بھارتی ٹیم کے گرد گھومتی ہے، اکشے کمار فلم میں اس وقت کے بھارتی ہاکی ٹیم کے کپتان سندیپ سنگھ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اکشے کمار کی فلم ’گولڈ‘
ٹیزر ٹریلر کا آغاز ہی اکشے کمار کے اس ڈائلاگ سے ہوتا ہے کہ ’ہم ایک پاگل بنگالی ہیں، ہم ہاکی سے پیار کرتا ہے‘، اپنا دیش سے پیار کرتا ہے‘۔
ٹیزر میں اکشے کمار یہ بتاتے نظر آتے ہیں کہ اب تک بھارتی برٹش انڈیا کے لیے کھیلتے آئے، مگر اب وہ نئے بننے والے اپنے ملک کے لیے کھیلیں گے۔
اکشے کمار کو ہاکی کی ٹیم بناتے اور کھلاڑیوں کو قائل کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔
پروڈیوسر فرحان اختر اور رتیش سدھوانی کی اس فلم کو ایکسل انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کی ہدایات ریما کاگتی نے دیں ہیں، جنہوں نے اس کا اسکرپٹ بھی لکھا ہے، فلم میں اکشے کمار کی اہلیہ کا کردار مونی راؤ نے ادا کیا ہے، جن کی یہ پہلی بولی وڈ فلم ہے۔
فلم کو رواں برس اگست میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: ہریتھک روشن کے طالب علم ڈھونڈنے کیلئے 15 ہزارنوجوانوں کا اوڈیشن
دوسری جانب ہریتھک روشن کی فلم ’سپر 30‘ کی پہلی جھلک بھی جاری کردی گئی۔
خیال رہے کہ ’سپر تھرٹی‘ کی کہانی ریاضی میں مہارت رکھنے والے ہندوستانی استاد آنند کمار کے گرد گھومتی ہے، جنہوں نے 30 قابل لیکن غریب طلبہ کو انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی جیسے بہترین ادارے کے داخلی امتحان کے لیے تیار کیا اور کامیاب ہوئے، وہ اس وقت اپنا تعلیمی پروگرام ’سُپر 30‘ چلا رہے ہیں۔
اس فلم میں ہریتھک روشن کے 30 ہونہار طالب علموں کے لیے بھارت بھر کے 15 ہزار نوجوانوں کے اوڈیشن کیے گئے تھے، فلم کی ہیروئن کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا، گزشتہ دنوں یہ خبر آئی تھی کہ ہریتھک روشن اس فلم میں خود سے کئی سال چھوٹی اور سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو اپنی ہیروئن بنانا چاہتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
ہدایت کار ویکاس بہل کی اس فلم کو 23 نومبر 2018 کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔