• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

برطانیہ میں ‘کالے دھن’ سے بنائے گئے اثاثوں کےخلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

شائع February 4, 2018

لندن: برطانیہ کی حکومت نے ان ایکسپلین ایبل ویلتھ (ناقابل وضاحت دولت) آرڈر نافذ العمل کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو غیر معمولی اختیارات تفویض کردیئے ہیں جس کے تحت وہ برطانیہ میں موجود ‘کالے دھن’ سے بنائی گئی جائیداد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کر سکیں گے۔

نئے قانون کا مقصد کرپٹ سیاستدانوں، وزراء اور دیگر کی جانب سے برطانیہ کو بطور محفوظ پناہ گاہ سمجھنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہے جس میں جرمانہ اور قید بھی شامل ہیں۔

یہ پڑھیں: سپریم کورٹ نے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا

واضح رہے کہ ناقابل وضاحت دولت آرڈ کے نافذ ہونے کے بعد برطانیہ کے قانونی ادارے 50 ہزار پاؤنڈ سے زائد رقم کے اثاثوں کی تحقیقات کر سکے گے، اگر آمدنی سے زیادہ اثاثے ہوئے تو متعلقہ اثاثے ضبط کرلیے جائیں گے۔

مذکورہ آرڈ کے مطابق اب ریاست کے بجائے اثاثوں کا مالک اپنی آمدنی کا ثبوت پیش کرنے کا پابند ہوگا۔

پاکستان کے بعض سیاستدانوں اور ان کے ہمنواؤں کے لیے ناقابل وضاحت دولت آرڈ پریشان کن ہو سکتا ہے کیوں کہ اگر سیاستدان کا ‘فرنٹ مین’ بھی برطانیہ میں اپنے نام سے اثاثے رکھتا ہے تو اسے آمدنی کے سارے ذرائع ظاہر کرنے ہوں گے۔

ناقابل وضاحت دولت آرڈ یکم فروری کو نافذ العمل ہوا تاکہ برطانیہ میں روسی اشرافیہ کے اثاثوں کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پاناما پیپرز: پاکستانیوں کے متعلق انکشافات

لندن کی انسداد کرپشن گروپ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل (ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانیہ میں 4 ارب 40 کروڑ پاؤنڈ مالیت کے اثاثوں پر ناقابل وضاحت دولت آرڈر کے تحت تحقیقات کی جائیں گی۔

ٹی آئی کے مطابق برطانیہ میں ایون فلیڈ اپارٹمنٹ کے مشتبہ مالک سابق وزیراعظم نواز شریف ہیں جبکہ اپارٹمنٹ کی مالیت تقریباً 80 لاکھ پاؤنڈ ہے، ٹی آئی نے بتایا کہ لینڈ رجسٹری دستاویزات میں اپارٹمنٹ کی مالک دو کمپنیاں نیسکول اور نیلسن لمیٹڈ ہیں۔

خیال رہے کہ پاناما پیپرز کیس سے متعلق معلومات شائع ہوئیں تھی کہ مذکورہ دونوں کمپنیوں کے انتظامات سابق وزیراعظم نواز شریف رکھتے تھے اور ان کمپنیوں کو رہن کے بغیر ہی 1993 اور 1995 کے درمیانی عرصے میں خریدا گیا، جس کے بعد نواز شریف کی آمدن میں غیر معمولی اضافہ ہوا، اثاثوں کی خریدار سے متعلق ثبوت کی عدم فراہمی پر نواز شریف کو جولائی 2017 کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں صرف نواز شریف کے اثاثے نہیں بلکہ متعدد پاکستانی سیاستدانوں اور شخصیات کے اثاثے بھی موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: چینی ساختہ ’انسدادِ کرپشن‘ مہم پاکستان کے لیے کیوں ضروری؟

برطانیہ کے سابق وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے قسم کھائی تھی کہ وہ ‘نامعلوم کمپنیوں’ کے نام سے برطانیہ میں خریدی جانے والی مہنگی زمینوں کے تمام کھاتے بے نقاب کریں گے۔

انہوں نے دورہ سنگاپور کے دوران کہا تھا کہ ‘برطانیہ میں لوٹ کھسوٹ سے حاصل دولت سے غیر ملکیوں کو برطانیہ میں گھر بنانے کی اجازت نہیں ہوگی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘برطانیہ وہ گودام نہیں جہاں غیرقانونی پیسہ رکھا جائے’۔


یہ خبر 04 فروری 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Feb 04, 2018 05:01pm
اب آیا اونٹ پہاڑ کے نیچے! اگر پاکستانیوں کی ناقابل وضاحت دولت یا سیدھے سادے الفاظ میں کالا دھن ثابت ہوگیا تو پھر یہ ریاست پاکستان کو واپس ہوگا یا انگریز اس کو ہتھیا لینگے۔ خیرخواہ

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024