• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

زینت امان کو ہراساں کرنے والا شخص گرفتار

شائع February 2, 2018
زینت امان کا شمار 1970 کی مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے—فوٹو: ذی نیوز
زینت امان کا شمار 1970 کی مقبول اداکاراؤں میں ہوتا ہے—فوٹو: ذی نیوز

ممبئی پولیس نے بولی وڈ کی ماضی کی مقبول اداکارہ زینت امان کو تنگ اور ہراساں کرنے والے کاروباری شخص کو گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ 66 سالہ اداکارہ زینت امان نے گزشتہ ماہ 30 جنوری کو ممبئی کے جوہی تھانے میں اپنے ایک دیرینہ دوست کے خلاف چھیڑ چھاڑ اور تنگ کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا۔

پولیس کے مطابق اداکارہ نے اپنے دیرینہ دوست اورمعروف صنعتکار کے خلاف انڈین پینل کوڈ (آئی پی سی) کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔

اداکارہ کی شکایت پرکاروباری شخص کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 304 ڈی اور 509 کے تحت مقدمہ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: زینت امان نے دیرینہ دوست کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروالیا

تاہم اب پولیس نے زینت امان کو منع کرنے کے باوجود تنگ کرنے والے کاروباری شخص کو گرفتار کرلیا۔

بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق پولیس نے سرفراز محمد عرف امان کھنہ نامی کاروباروی شخص کو اداکارہ کو تنگ اور ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

پولیس نے گرفتار کیے گئے شخص سے متعلق مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں، جب کہ بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

واضح رہے کہ زینت امان نے جس کاروباری شخص کے خلاف ہراساں کرنے کا مقدمہ درج کروایا، اس کے ساتھ اداکارہ کے گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے۔

مزید پڑھیں: زینت امان نے دوسری شادی کرنے کا اعلان کردیا

بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے دونوں کے تعلقات میں کشیدگی آئی، جس پر کاروباری شخص اداکارہ کو مسلسل منانے کی کوششیں کرتے رہے۔

کاروباری شخص کی جانب سے اداکارہ کو دن میں کئی کئی بار فون کالز کیے جانے اور ان کا پیچھا کیے جانے کے بعد زینت امان نے تنگ آکر ان کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔

زینت امان اس وقت ممبئی میں اپنے 2 بیٹوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں، ان کے شوہر مظہر خان 1988 میں چل بسے تھے۔

پانچ سال قبل 2013 میں زینت امان کی جانب سے دوسری شادی کیے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم بعد ازاں اداکارہ ان خبروں کی تردید کردی تھی۔

زینت امان کا شمار بھارت کی 1970 کی مقبول ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ 1970 میں مس انڈیا بھی رہ چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024