• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

پاناما پیپرز کی جے آئی ٹی کا رکن نیب راولپنڈی کا ڈی جی مقرر

شائع January 31, 2018

اسلام آباد: پاناما پیپرز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف تفتیش کے لیے تشکیل دی جانے والی مشترکہ تحقیقیاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے رکن عرفان نعیم منگی کو قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی ریجن کا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) مقرر کردیا گیا۔

واضح رہے کہ راولپنڈی نیب متعدد سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے خلاف دائر کرپشن ریفرنس کی تحقیقات کررہا ہے۔

یہ پڑھیں: نیب ریفرنس: ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کا ضمنی ریفرنس سماعت کیلئے منظور

نیب کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے 30 جنوری کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں عرفان نعیم منگی کو بلوچستان نیب آفس سے اسلام آباد/راولپنڈی نیب ڈائریکٹر جنرل مقرر کرنے کا حکم تھا۔

مذکورہ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈی جی ناصر اقبال کو ڈی جی آگاہی اور تدارک، فاروق اعوان کو ڈی جی ٹریننگ اینڈ ریسرچ، رضا محمد عرفان بیگ کو ڈی جی بلوچستان اور فرمان اللہ کو ڈی جی خیبرپختونخوا تعینات کر نے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عدالت عظمیٰ نے پاناما پیپز کیس کی تحقیقات کے لیے مئی 2017 میں 6 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دی تھی جس نے 10 جولائی 2017 کو اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جس کی روشنی میں ایپکس کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے 28 جولائی کو حتمی فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف تین مختلف ریفرنسز فائل کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : نیب نے پی آئی اے طیارہ گمشدگی کی تحقیقات شروع کردی

خیال کیا جارہا ہے کہ نیب راولپنڈی میں عرفان نعیم منگی کی بطور ڈائریکٹر جنرل تعینیاتی سے نوازشریف اور دیگر اہم شخصیات کے لیے بڑا دھچکا ہوگا جبکہ اس ضمن میں ممکن ہے کہ نیب راولپنڈی نوازشریف کے خلاف کیسز میں تیزی لے آئے۔

نیب کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ نیب چیئرمین کی جانب سے مذکورہ تبادلے خالصاً کارکردگی کی بنیاد پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب راولپنڈی ڈائریکٹر جنرل کے دور میں متعدد اہم نوعیت کے کیسز میں پیش رفت سست رہی تھی اور چیئرمین نیب ان کی کارکردگی سے زیادہ خوش نہیں تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق راولپنڈی ڈائریکٹر جنرل کے حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) سے دیرینہ تعلقات تھے اور وہ قمر زمان قائرہ کے زمانے میں نیب افسران میں انتہائی اثر ورسوخ رکھتے تھے۔

مزید پڑھیں: نیب ریفرنس: اسحٰق ڈار، اہلیہ اور کمپنیز کی تفصیلات عدالت میں پیش

تاہم عرفان نعیم منگی کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ وہ نیب بیورو میں انتہائی قابل افسر ہیں جنہوں نے پاناما پیپز کیس میں تحقیقات کے عمل کو مکمل کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

عرفان نعیم منگی کو گزشتہ برس مئی میں بلوچستان نیب ڈائریکٹرجنرل تعینات کیا گیا تھا۔

اس سے قبل وہ نیب کے مرکزی دفتر میں خیبر پختونخوا نیب ڈی جی اور ڈی جی (آپریشن) کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ہیں۔

بتایا گیا کہ ہے کہ عرفان نعیم منگی کو وائٹ کالر کرائم کی تحقیقات کا وسیع تجربہ ہے اور گزشتہ دنوں انہوں نے نیشنل مینجمنٹ کورس مکمل کیا جس کے بعد ان کے عہدہ 21 ویں گریڈ کا ہوجائے گا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ عرفان نعیم منگی کو بطور راولپنڈی نیب مقرر کرنے کا مقصد نواز شریف سمیت پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس کے عمل میں تیزی لانا ہے۔


یہ خبر 31 جنوری 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

Princess Jan 31, 2018 12:42pm
ابھی تک تو زبانی جمع خرچ چل رہا ہے۔ جب کسی بڑے مگرمچھ کو سزا ہوگی تب کی بات ہے۔ اور یہاں کسی کو کب سزا ہوئی ہے؟ کام کم شور زیادہ کا فارمولا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024