• KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:56am Sunrise 7:17am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:02am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

کرم ایجنسی: بارودی سرنگ کے دھماکے میں 6 افراد ہلاک

شائع January 30, 2018

کرم ایجنسی: وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق اپر کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے مقبل سے ایک گاڑی میں سوارایک ہی خاندان کے 7 افراد فاتحہ خوانی کیلئے بوشہرہ جارہے تھے کہ مقبل کے قریب کچے راستے میں بارانی ندی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

اس حوالے سے عینی شاہد رحمٰن مقبل نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور تین مرد شامل ہیں، جن کی شناخت راویس خان، آمین بادشاہ اور بادشاہ خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی شخص کا نام سیدا جان ہے، جسے طبی امداد کیلئے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی سیدا جان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد کے لیے پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کا دھماکا، 14 جاں بحق

واقعے کے بعد پولیٹکل انتظامیہ کی جانب سے تحقیقات شروع کردی گئی اور علاقائی ذمہ داری کے تحت متعدد افراد گرفتار کرلیا گیا۔

دوسری جانب رکن قومی اسمبلی ساجد طوری کی جانب سے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ واقعے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کی جائیں۔

خیال رہے کہ کرم ایجنسی وفاق کے زیر انتظام ایجنسیوں میں سے ایک ہے، شمالی وزیرستان ایجنسی میں آپریشن ضرب عضب اور خیبرایجنسی میں آپریشن خیبر (ون اور ٹو) کے بعد عسکریت پسند ردعمل کے طور پر دوسرے علاقوں میں حملوں کی کوشش کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ دھماکا،2 ایف سی اہلکار شہید

واضح رہے کہ گزشتہ جولائی میں کرم ایجنسی میں ہونے والے باردوی سرنگ کے دھماکے میں 2 ایف سی اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل اپریل 2017 میں بھی کرم ایجنسی میں ایک مسافر بس بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں 4 بچوں اور 5 خواتین سمیت 14 افراد جاں بحق جبکہ مردم شماری ٹیم کے 2 ارکان سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025