بختاور بھٹو زرداری کی 170 میٹر کی بلندی پر اڑان
سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری نے دنیا کی سب سے اونچی زپ لائن کی سواری کرکے اپنی سالگرہ کا جشن منایا۔
بختاور بھٹو زرداری نے اپنی 28 ویں سالگرہ کا جشن منفرد انداز میں منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دنیا کی سب سے اونچی زپ لائن کا انتخاب کیا، جو دبئی میں واقع ہے۔
دبئی مرینا میں واقع دنیا کی سب سے اونچی زپ لائن کا افتتاح گزشتہ ماہ دسمبر کے آغاز میں کیا گیا تھا، جہاں یومیہ سیکڑوں افراد اپنی سالگرہ کا جشن منفرد انداز میں منانے آتے ہیں۔
بختاور بھٹو زرداری نے بھی زندگی کے 28 ویں سال میں قدم رکھتے ہی دنیا کی سب سے اونچی زپ لائن پر فی گھنٹہ 80 کلو میٹر کی رفتار سے اڑان بھری۔
بختاور بھٹو زرداری نے زپ لائن کی اڑان کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام پر بھی شیئر کی، جسے اب تک ہزاروں بار دیکھا جاچکا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بختاور بھٹو زرداری بے خوف ہوکر زمین سے 170 میٹر کی بلندی پر پرندوں کی طرح اڑ رہی ہیں۔
دنیا کی سب سے طویل زپ لائن پر اڑان بھرنے سے قبل بختاور بھٹو نے اپنے نام کا مطلب بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے نام کی معنیٰ ’عظمت‘ اور ’بڑائی‘ ہے۔
انہوں نے زپ لائن پر اڑان بھرنے کے لمحات کو یادگار اور بہترین قرار دیتے ہوئے بتایا کہ وہ 2018 کے آغاز میں اونچی اڑان بھرنے پر بہت ہی زیادہ پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ دبئی مرینا میں واقع دنیا کی سب سے طویل زپ لائن ایک کلو میٹر طویل ہے، جو زمین سے 170 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔
یہ زپ لائن سمندر، عمارتوں اور پہاڑوں کے اوپر بنی ہوئے ہے، جس کی اونچائی پر اس کا درجہ حرارت منفی 16 سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔
یہ زپ لائن 80 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلتی ہے، تاہم یہ محض ڈھائی سیکنڈ میں 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑتی ہے۔
اگرچہ سابق صدر آصف علی زرداری و سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کے بچے سیاحت و وایڈونچر کے دلدادہ ہیں، تاہم بختاور بھٹو اس حوالے سے اپنی چھوٹی بہن آصفہ اور بھائی بلاول بھٹو زرداری سے آگے ہیں۔
اس سے قبل بھی بختاور بھٹو کئی طرح کے ایڈونچر کر چکی ہیں، 2015 میں انہوں نے دبئی میں ہی ڈولفن کو بوسہ دینے کی اپنی ایک تصویر بھی انسٹاگرام پر شیئر کی تھی۔
فروری 2016 میں انہوں نے اپنی اڑان بھرنے کی ایک تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے گزشتہ ہفتے ہی دبئی میں اڑان بھری۔
اسی مہینے ہی انہوں نے دبئی میں مختلف اسپورٹس ایونٹس میں شرکت کرنے کی اپنی تصاویر بھی شیئر کیں۔
بختاور بھٹو زرداری نے کلائمبنگ سمیت دیوار چڑھنے اور رسیوں کی مدد سے اوپر جانے کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔
بختاور بھٹو کے ایڈونچر اور سیاحت سے محبت کی داستانیں صرف دبئی تک محدود نہیں، انہوں نے 2015 میں ہی سندھ کے ضلع لاڑکانہ جاتے ہوئے گاڑی کی ڈرائیونگ کرنے اور وہاں کی سڑکوں سے متعلق بھی ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔
انہوں نے اپریل 2016 میں کراچی کی منی بس کے دورازے پر کھچوائی گئی ایک تصویر بھی شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے کراچی کی سیاحت کو فروغ دینے کا ایک قدم قرار دیا تھا۔
اپریل 2017 میں انہوں نے انہوں نے ’ڈزرٹ ویئر چیلنج‘ میں بھی حصہ لیا، جس کی انہوں نے تصاویر انسٹا گرام پر شیئر کیں۔
مئی 2017 میں انہوں نے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے ساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں وہ ایک مرد باکسر سے باکسنگ فائٹ کرتے ہوئے دکھائی دیں۔
گزشتہ برس اگست میں انہوں نے دبئی کے الفورسن انٹرنیشنل سپورٹنگ کلب میں کھینچی گئی اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی، نومبر 2017 میں انہوں نے ایک اور ایڈونچر کی تصاویر شیئر کیں۔
بختاور بھٹو نے ٹائروں کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں صحرا میں بڑے ٹائروں کو دوڑاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
بختاور بھٹو زرداری ایڈونچر کرنے سمیت جانوروں کو پالنے کا شوق بھی رکھتی ہیں۔