• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

نیب کی کارکردگی پر کوئی شک نہیں، پی ٹی آئی رہنما

شائع January 23, 2018

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی پر ان کی جماعت کو اب ذرا بھی شک نہیں ہے، کیونکہ یہ ادارہ اس وقت درست سمت میں کام کررہا ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شبہاز شریف نے جس طرح نیب میں پیش ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں اس کو تنقید کا نشانہ بنایا وہ بلکل نامناسب ہے اور بظاہر لگتا ہے انہیں اپنی کرپشن کے حوالے سے خوف محسوس ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'میں سمجھتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کی اپنے دور میں صرف یہی پالیسی رہی ہے کہ کسی طرح سے اداروں کو بدنام کیا جائے اور اسی لیے جو فیصلہ بھی ان کے خلاف آجائے یہ اشاروں میں سازش کی باتیں شروع کردیتے ہیں'۔

شہاز شریف کی جانب سے نیب کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور تحریک انصاف کا کاسہ لیس کہنے پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ عدالتوں کا سامنا کیا ہے، لہذا ان کی جماعت عدلیہ اور ریاستی اداروں کا ہر طرح سے احترام کرنا جانتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملسم لیگ (ن) کی یہی حکمت عملی رہی ہے کہ حکومت میں رہتے ہوئے اداروں کے سربراہاں کا تقرر بھی ان کی خواہش سے ہو تاکہ جب کوئی مخالفت میں فیصلے دے یا ان کا احتساب کرے تو وہ بُرا کہلاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ 9 سالوں میں جتنی کرپشن پنجاب میں ہوئی، وہ کہیں اور نہیں ہوئی اور اسی لیے آج جب نیب ان سے سوال کررہا ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

'عمران نے پارلیمنٹ کے لیے درست لفظ استعمال کیا'

چیئرمین عمران خان کی جانب سے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے میں پارلیمنٹ کے لیے 'لعنت' کا لفظ استعمال کیے جانے پر بات کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ ان کا مؤقف ابھی بھی وہی ہے اور جو عمران خان نے کہا وہ بلکل درست بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم اس بیان پر کبھی معذرت نہیں کریں گے، کیونکہ جس پارلیمنٹ نے ایک نااہل شخص کو پارٹی کا سربراہ بنایا اور جہاں پھر ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کی گئی، اُس کے لیے یہ لفظ بلکل ٹھیک تھا'۔

واضح رہے کہ لاہور کے مال روڈ پر اپوزیشن جماعتوں کے احتجاجی جلسے میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ کے لیے ‘لعنت’ کا لفظ استعمال کیا گیا تھا اور عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’پارلیمنٹ کو گالی دینے کا حق کسی کو حاصل نہیں‘

بعدِ ازاں قومی اسمبلی میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے عمران خان اور شیخ رشید کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی جسے وفاقی وزیر تعلیم و تربیت انجینیئر محمد بلیغ الرحمان نے پیش کیا۔

قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا کہ ‘پارلیمنٹ کے لیے یہ الفاظ ادا کرکے پارلیمنٹ اور قوم کی توہین کی گئی جبکہ ملک کی ترقی کا واحد راستہ جمہوریت ہے’۔

جبکہ اس سے قبل قومی اسمبلی کے اجلاس میں خواجہ محمد آصف، خورشید شاہ اور دیگر اراکینِ اسمبلی نے مال روڈ جلسے میں پارلیمنٹ کے لیے ادا کیے گئے جملوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024