کراچی: دستی بم حملے میں ایک ہلاک، 5 زخمی
کراچی کے علاقے کھارادر میں چاکلا اسٹریٹ کی کپڑا مارکیٹ میں دو موٹر سائیکل سواروں نے بھتہ نہ دینے پر دستی بم حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔
سینئر سپرنٹنڈ پولیس (ایس ایس پی) سٹی عدیل چانڈیو نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے حوالے سے پولیس کا کہنا تھا کہ بھتہ ادا نہ کرنے پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جبکہ حملہ آور ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے اور ان کی تعداد 2 تھی۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 39 سالہ محمد اسماعیل، 30 سالہ وقاص، 65 سالہ عبدالستار، 36 سالہ بابو کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
بعد ازاں وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے لیاری میں مبینہ طور پر دستی بم حملے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی جنوبی سے تفصیلی انکوائری رپورٹ اور پولیس اقدامات کی تفصیلات فی الفور طلب کرلیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی لیاری اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دستی بم حملے ہوتے رہے ہیں، جس میں متعدد شہری زخمی اور ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔
پولیس کی جانب سے ان دستی بم حملوں کی وجہ بھتہ نہ دینا قرار دیا جاتا رہا ہے جبکہ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے آپریشن بھی کیے گئے تھے۔
ستمبر 2013 میں کراچی آپریشن کے آغاز کے بعد ان واقعات میں کمی آئی تھی، تاہم گزشتہ کچھ دنوں سے تاجروں کی جانب سے پھر سے بھتہ خوری کی شکایت سامنے آئی تھیں۔