• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’پاکستان کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے‘

شائع January 17, 2018

بدین: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو نواز شریف اور عمران خان کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں سیاسی یتیموں کا ایک ٹولہ جمع کیا گیا اور ایک لاڈلے نے سندھ کے چکر لگانا شروع کردیے ہیں لیکن بچہ بچہ جانتا ہے کہ سندھ کی ترقی کے لیے صرف پیپلز پارٹی نے ہی کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف چِلاتے رہتے ہیں لیکن ان کے ساتھ سندھ میں وہ شخص ہے جسے کرپشن پر نکالا گیا تھا جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی وزیراعلیٰ پر کرپشن کے الزامات ہیں لیکن کوئی احتساب نہیں کیا جارہا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ اس سے بڑی منافقت کیا ہوسکتی ہے کہ موروثی سیاست کے خلاف شور مچانے والے عمران خان نے نااہل جہانگیر ترین کے بیٹے کو اس کا سیاسی وارث قرار دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف تبدیلی کا نعرہ لگاتے لگاتے خود تبدیل ہوگئی، خیبرپختونخوا میں 5 سالوں میں حکومت نے ایک ہسپتال نہیں بنایا اور نہ ہی کوئی یونورسٹی قائم کی گئی۔

مزید پڑھیں: بینظیر بھٹو کو پرویز مشرف نے قتل کروایا، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے اپنے دماغ پر اتنا زور نہ ڈالیں جلد ہی سابق صدر آصف علی زرداری انہیں سیاست سکھا دیں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو پوچھ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا اس کا جواب وہ اپنے بھائی سے پوچھیں، اگر ان کے خلاف فیصلہ غلط ہے تو حدیبیہ کیس کا فیصلہ بھی غلط ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عجیب مذاق تو دیکھیں کہ بڑے میاں کہتے ہیں کہ ادارے ان کی ٹارگٹ کلنگ کر رہے ہیں جبکہ چھوٹے میاں کہتے ہیں کہ ادارے ٹھیک کام کر رہے ہیں، ان دونوں بھائیوں کے بیانات میں بھی تضاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ملک کے باشعور عوام کو بے وقوف بنالیں گے لیکن یہ قوم اب آپ کے دھوکے میں نہیں آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: مجھ میں ذوالفقار علی بھٹو کی روح ہے، آصف زرداری

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جب بھی سندھ آئے تو انہوں نے ٹھٹھہ اور سجاول کے لیے پیکیج کا اعلان کیا لیکن ایک روپیہ بھی ان علاقوں کی ترقی کے لیے وفاق سے سندھ منتقل نہیں ہوا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف اپنی آنکھیں کھولیں اور اس سچ کو تسلیم کریں کہ وہ اپنی سیاسی عمر پوری کرچکے ہیں کیونکہ اب نہ وہ گود رہی ہے جس میں بیٹھ کر انہوں نے سیاسی تربیت حاصل کی اور نہ ہی وہ ہاتھ رہا ہے جو انہیں جیل کی کوٹھری سے نکالے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف سے وفاق سنبھالا گیا نہ صوبہ یہاں تک کہ ان سے اپنا چھوٹا بھائی تک سنھبالا نہیں جاسکا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاست دانوں کے رویے اور ملک کے حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے، شریف برادران پنجاب کے عوام سے کس چیز کا بدلہ لے رہے ہیں؟

انہوں نے سوال کیا کہ کیوں قصور آج ہمارے ملک کا سب سے غیر محفوظ حصہ ہے اور یہاں ہمارے بچوں کے ساتھ کیوں ظلم ہورہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024