’شادی شدہ اداکاراؤں کے ساتھ میڈیا کا برتاؤ تبدیل ہونا چاہیے‘
بولی وڈ اداکارہ سونم کپور کی شادی کی افواہیں طویل عرصے سے گردش کررہی ہیں اور اس حوالے سے اداکارہ کا کہنا ہے کہ میڈیا کو اب شادی شدہ اداکاراؤں کی جانب اپنا پرتاؤ تبدیل کرنا چاہیے۔
جیسے جیسے ہندی سینما میں خواتین کے لیے کردار بہتر ہوتے جارہے ہیں، ساتھ میں ہی شائقین کو بہت سی مضبوط خواتین کی کہانیاں فلموں میں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔
کرینہ کپور خان، ایشوریا رائے بچن، کاجول اور رانی مکھرجی جیسی اداکارائیں ماں بننے کے باوجود اپنے کیریئر میں اس ہی سنجیدگی سے کام کررہی ہیں جتنا کے وہ پہلے کرتی نظر آتی تھیں۔
مزید پڑھیں: سونم کپور 3 ماہ بعد شادی کرنے والی ہیں؟
جبکہ انوشکا شرما، ودیا بالن جیسی اداکاراؤں کے کیریئر کو بھی شادی سے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ایسے میں سونم کپور جو ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو خبروں سے دور رکھنے کی کوشش کرتی ہیں کا ماننا ہے کہ وہ اس موضوع پر اس وقت بات کرنا بہتر سمجھیں گی جب میڈیا یہی سوالات اداکاراؤں کے ساتھ ساتھ اداکاروں سے بھی کریں گے کہ وہ شادی کے بعد اپنے کیریئر کو کس طرح آگے لے کر چلتے ہیں ہا بچے کی پیدائش کے بعد ان کا کم بیک کرنے کا ارادہ ہے۔
ماضی کی کامیاب اداکاراؤں کا حوالہ دیتے ہوئے سونم کپور نے کہا کہ ’چاہے نرگس تھیں، وحیدہ رحمٰن، شرمیلا ٹیگور، ڈمپل کپاڈیا، مادھوری ڈکشٹ یا کاجول ان سب کو شادی کے بعد بھی شائقین نے بےحد پسند کیا، لیکن بس کچھ ہی لوگوں کا ماننا ہے کہ شادی کے بعد کام کرنا مشکل ہوگا، ہم سب کو کام کرتے رہنا چاہیے تبدیلی خود بہ خود آجائے گی‘۔
واضح رہے کہ سونم کپور کی رواں برس اپریل میں شادی کرنے کی قیاس آرائیوں میں تیزی آگئی ہے۔
32 سالہ سونم کپور کے دہلی کے کاروباری نوجوان آنند آہوجا سے گزشتہ چند سال سے تعلقات ہیں، گزشتہ برس سے یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ جلد شادی کریں گے۔
سونم کپور اور آنند آہوجا کو متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا، جب کہ اداکارہ کئی بار اپنے دوست کے ساتھ تصاویر وغیرہ بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر چکی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جوڑا تین ماہ بعد اپریل میں بھارتی شہر جودھپور میں ہی شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔
شادی کی تقریب انتہائی سادگی میں منعقد کی جائے گی، جس میں جوڑے کے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سمیت 300 افراد شرکت کریں گے۔
تاہم تاحال سونم کپور اور آنند آہوجا کی جانب سے شادی کی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آسکی۔
سونم کپور اس وقت اپنی فلم ’پیڈمین‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جس میں اکشے کمار مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آخر اکشے کمار ’پیڈ مین‘ کیوں بنے؟
خیال رہے کہ ’پیڈ مین‘ کی کہانی بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر کویمبٹور کے سماجی کارکن اروناچلم مروگناتھم کی جدوجہد کے گرد گھومتی ہے۔
اروناچلم مروگناتھم نے اپنے علاقے میں محدود وسائل اور بے شمار مسائل کے باوجود خواتین کے لیے ماحول دوست سینیٹری پیڈز بنائے، اور انہیں شرمساری سے محفوظ کیا.
اروناچلم مروگناتھم کو ان کی کاوشوں کے عوض پدما شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
ٹوئنکل کھنہ کی پروڈکشن اور آر بالکی کی ہدایات میں بننے والی فلم ’پیڈمین‘ رواں ماہ 25 تاریخ کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔