• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

نظام ہاضمہ کو مضبوط بنانے والی غذائیں

شائع February 26, 2019
چند غذاؤں کو اپنا کر آپ اپنے کمزور ہاضمے کو مضبوط بنا سکتے ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو
چند غذاؤں کو اپنا کر آپ اپنے کمزور ہاضمے کو مضبوط بنا سکتے ہیں — شٹر اسٹاک فوٹو

غذا کو کھانا ہر انسان کی روزمرہ کی زندگی کا حصہ ہوتا ہے اور اسے پرمسرت حصہ بھی سمجھا جاسکتا ہے۔

مگر غذا سے اسی وقت لطف اندوز ہوسکتے ہیں جب نظام ہاضمہ کے مسائل کا سامنا نہ ہو، دوسری صورت میں پیٹ پھولنے اور دیگر تکالیف اس تجربے کو تکلیف دہ بنا دیتے ہیں۔

زیادہ کھانا ہوسکتا ہے کہ نظام ہاضمہ پر بوجھ بڑھا دے اور کمزور نظام ہاضمہ ہونے پر یہ بھیانک خواب ثابت ہوسکتا ہے۔

تاہم چند غذاؤں کو اپنا کر آپ اپنے کمزور ہاضمے کو مضبوط بنا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں : ہاضمے کی گڑبڑ سے بچاؤ کے گھریلو ٹوٹکے

بس کھانے سے پہلے ان عادات کو اپنالیں، جو نظام ہاضمہ کو ڈرامائی حد تک بہتر بناسکتی ہیں۔

پانی پینا

صحت مند نظام ہاضمہ کے لیے جسم میں پانی کی مناسب مقدار کنجی ہے، پانی نہ صرف ٹھوس غذا کو ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے بلکہ ضروری اجزاءکو مناسب طریقے سے جذب بھی کرتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے پانی پینا نظام ہاضمہ کو بیدار کرکے میٹابولزم کی رفتار بڑھا دیتا ہے، جبکہ کھانے کے درمیان میں پانی پینا معدے کی تیزابیت پر منفی انداز سے اثرانداز ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انجیر کھانا بہت زیادہ فائدہ مند

سبز چائے کا استعمال

سبز چائے اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور مشروب ہے جو نہ صرف جسم میں ورم کو کم کرتا ہے بلکہ میٹابولزم کو بھی فوری حرکت میں لاتا ہے۔ تو کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے اس مشروب کو پینا ہر غذا کو ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے۔

دہی

دہی نظام ہاضمہ کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہے کیونکہ یہ معدے کو صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا فراہم کرتا ہے جو کہ غذا ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آچکی ہے کہ دہی کھانے کی عادت ہیضے اور معدے کے دیگر امراض سے تحفظ فراہم کرتی ہے، دوپہر یا رات کے کھانے کے بعد کچھ مقدار میں دہی کھانا غذا کو ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

پپیتا

پپیتا انزائمے اور دیگر اجزا سے بھرپور پھل ہے جو کہ نظام ہاضمہ کو غذا کے ٹکڑے کرنے میں مدد دیتے ہیں، اس پھل سے جسم کو وٹامن اے، بی اور سی بھی ملتا ہے جو کہ جسم سے زہریلے مواد کے اخراج کو یقینی بناتے ہیں۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پپیتا کھانے سے پیٹ پھولنے، قبض اور سینے میں جلن کے مسائل میں کمی آتی ہے، دوپہر کے کھانے کے ایک گھنٹے بعد اس پھل کو کھانا نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے۔

کیلے

کیلے فائبر سے بھرپور پھل ہے جبکہ اس میں موجود دیگر اجزا بھی آنتوں کے افعال بہتر بنانے کے ساتھ کاربوہائیڈریٹ ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں، روزانہ ایک کیلا کھانا نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے کے لیے کافی ہے۔

مچھلی

ٹھنڈے پانی کی مچھلی اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے جو کہ معدے میں ورم کو کم کرتے ہیں، جس سے نظام ہاضمہ بہتر اور آنتوں کے افعال تیز ہوتے ہیں۔

ادرک

ادرک کا کھانوں میں عام استعمال ہوتا ہے اور یہ نظام ہاضمہ کے لیے بھی بہترین ہے، یہ مانا جاتا ہے کہ ادرک چربی اور پروٹین کو ہضم ہونے میں مدد دیتی ہے، اس کا چھوٹا سا ٹکڑا چبالینا نظام ہاضمہ کو تیز کرسکتا ہے۔

زیرہ

زیرہ اینٹی آکسائیڈنٹ، جراثیم کش مسالحہ ہے اور یہ ہاضمے کے مختلف امراض پر قبو پانے میں بھی مدد دیتا ہے، اسے غذا کا حصہ بناکر استعمال کرنا نظام ہاضمہ کو تیز کرتا ہے۔

سونف

سونف کا پانی جسم میں موجود زہریلے مواد کی صفائی کے لیے بہترین ہوتا ہے اور نظام ہاضمہ کے مسائل دور کرتا ہے، نظام ہاضمہ ٹحیک ہو تو جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوجاتا ہے۔ یہ بیج غذائی نالی کو سکون پہنچاتے ہیں، جس سے گیس خارج ہوتی ہے اور پیٹ پھولنے کا عارضہ کم ہوتا ہے۔ اسے پھانک لیں یا چائے کی شکل میں کھانے کے بعد پی لیں۔

شکرقندی

شکرقندی قبض کی شکایت کو ختم کرنے کے لیے بہترین ہے جو کہ پانی، فائبر، میگنیشم اور وٹامن بی سکس سے بھرپور ہوتی ہے، میگنیشم آنتوں کو ریلیف پہنچا کر ان کی قدرتی حرکت کو بحال کرتی ہے، جبکہ پانی اور فائبر جسمانی نمی کو برقرار رکھتے ہیں جبکہ فضلے کو جسم سے باہر نکال دیتے ہیں۔

سیب

سیب وٹامنز، منرلز اور غذائی فائبر سے بھرپور پھل ہے جبکہ اس میں اینٹی آکسائیڈنٹ نظام ہاضمہ میں ورم کو کم کرتے ہیں، سیب سے معدے میں صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریا کی افزائش ہوتی ہے جس سے بھی نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔

کھیرے

کھیرے بھی وٹامنز، منرلز، اینٹی آکسائیڈنٹس اور ورم کش خصوصیات رکھتے ہیں، اس میں موجود فائبر اور پانی کی مقدار سے قبض کی روک تھام ہوتی ہے، اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس اس زہریلے مواد کی روک تھام کرتی ہے جو کہ بدہضمی اور معدے کے انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔

سیب کا سرکہ

کچھ تلخ کھانا نظام ہاضمہ کو بھرپور طریقے سے کام کرنے میں مدد دیتا ہے، ایک چمچ سیب کا سرکہ کچھ اونس پانی میں کھانے سے پہلے ملاکر پی لیں، کسی غذا کو ہضم کرنے کے دوران معدے کی تیزابیت کی ضرورت ہوتی ہے جو غذا کو چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کرسکے اور تلخ غذائیں اس کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں کیونکہ یہ معدے کی تیزابیت کو زیادہ غذا کو ہضم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024