• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

2018 کے منفرد ٹیکنالوجی آلات

امریکی شہر لاس ویگاس میں ہونے والے سالانہ ٹیکنالوجی فیسٹیول میں دنیا بھر کی 3 ہزار 900 کمپنیوں نے اپنی مصنوعات پیش کی۔
شائع January 11, 2018

امریکی شہر لاس ویگاس میں ہونے والے سالانہ ٹیکنالوجی فیسٹیول ’دی انٹرنیشنل کنزیومر الیکٹرانک شو‘ (سی ای ایس) میں 3 ہزار 900 کمپنیوں نے اپنے اچھوتے اور حیران کرنے والے اسمارٹ آلات متعارف کرائے ہیں۔

سی ای ایس میں دنیا کی تمام بڑی اور اہم ٹیکنالوجیز کمپنیوں نے اپنے آلات متعارف کرائے، اس فیسٹیول کو ایک ہفتے تک دنیا کے 150 سے زائد ممالک کے ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد نے دیکھا۔

سی ای ایس میں متعارف کرائی جانے والی ٹیکنالوجیز کی کوریج کے لیے دنیا بھر کے صحافتی اداروں کے 7 ہزار سے زائد نمائندے بھی شریک ہوئے۔

دنیا کے اس بڑے ٹیکنالوجی میلے میں تمام کمپنیوں نے ہر طرح کے آلات متعارف کرائے، رواں برس ہر کمپنی نے کم سے کم 3 جب کہ زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ درجن تک نت نئے آلات متعارف کرائے۔

ویوو کا ایپل اور سام سنگ کے ٹکر کا فون

چینی کمپنی ویوو نے سام سنگ اور ایپل کے آئی فون کے ٹکر کا فنگرپرنٹ سینسر لاک کا پہلا اسمارٹ فون متعارف کرادیا، جسے رواں برس کسی بھی وقت فروخت کے لیے پیش کیے جانے کا امکان ہے

جے وی سی کین ووڈ کا ٹرپل اسکرین یونٹ

ڈوئل اسکرین موبائل اور ڈوئل اسکرین کمپیوٹر تو گزشتہ 2 سال سے مارکیٹ میں دستیاب ہیں، تاہم اب کین ووڈ نے ٹرپل اسکرین یونٹ سسٹم بھی متعارف کرادیا، جو اینڈرائڈ سسٹم سے منسلک ہے۔

کین ووڈ کے ان تین اسکرین یونٹ پر بیک وقت تین مختلف چیزیں دیکھی جاسکتی ہیں، جب کہ ان اسکرین یونٹس میں ڈی وی ڈی اور سی ڈی کٹ نصب ہونے کے ساتھ ساتھ کیمرہ بھی نصب ہے۔

ریئل ڈال کا انسان سے مشابہ روبوٹ

ٹیکنالوجی کمپنی ریئل ڈال تو کئی سال سے ایسے روبوٹ پیش کر رہی ہے، جو عام روبوٹ سے انتہائی مختلف ہوتے ہیں، اس کمپنی کے روبوٹس کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ یہ انسان سے مشابہ ہوتے ہیں، اس بار کمپنی نے انسانی جذبات سمجھنے والا فیمیل روبوٹ متعارف کرایا۔

الیکٹریکل ون وہیل

وہ زمانہ گیا جس میں نوجوان اپنی ذہانت اور طاقت کے ذریعے ون وہیلنگ کرتے تھے، اب امریکی کمپنی ون وہیل نے الیکٹرک وہیل متعارف کرادیا، جو گاڑی کی طرح گیئر میں بھی چلتا ہے۔

مسٹی روبوٹ

روبوٹ ٹیکنالوجی نئی چیز نہیں، تاہم مسٹی کا یہ روبوٹ اس ٹیکنالوجی کے لیے نئے عہد کا آغاز ضرور ہے، کسی فوجی جاسوس آلے کی طرح نظر آنے والے مسٹی کے اس روبوٹ کو سیکیورٹی کے لیے بہترین سمجھا جا رہا ہے، کیوں کہ اس میں نقل و حرکت ریکارڈ کرنے کے لیے ایچ ڈی کیمرہ بھی نصب ہے، جب کہ اس میں اسکرین بھی نصب کی گئی ہے، جس کے ذریعے اس کی ریکارڈنگ دیکھی جاسکتی ہے۔

پیناسونک کا کیمرہ

الیکٹرانک آلات تیار کرنے والی کمپنی پیناسونک نے سی ای ایس میں اپنا مرر لیس جدید کیمرہ متعارف کرادیا، پر سیکنڈ 240 سلو موشن ایف پی ایس کھینچنے والا کیمرہ 4 کے ویڈیو بھی ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بلیک باکس کا ورچوئل ریئلٹی اسٹوڈیو

ٹیکنالوجی کمپنی بلیک باکس نے ورچوئل ریئلٹی پر مبنی ایک ایسا جیم اسٹوڈیو متعارف کرایا، جو نہ صرف الیکٹرک ہے، بلکہ اس کے ذریعے ورچوئل ریئلٹی کا استعمال کرتے ہوئے اپنی فٹنیس بھی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔

گھر گھر پھل اور سبزیاں پہنچانے والی روبوٹ کار

کیلیفورنیا کی نئی کمپنی سانتا کلارا نے سی ای ایس میں اپنی پہلی مصنوعات پیش کی، کمپنی نے روبومارٹ نامی روبوٹک کار متعارف کرادی، جو دراصل ڈلیوری ڈرون کی طرح کام کرتی ہے، اس کار کو پھل اور سبزیوں کی خصوصی ترسیل کے لیے بنایا گیا ہے۔

ڈیپ فریم اے آر اسکرین

یہ ٹیکنالوجی در اصل کیمرے کا جدید فارمیٹ ہے، جس کے ذریعے ویڈیو اور تصاویر کو انتہائی شفاف انداز میں محفوظ بنایا جاسکے کا۔

سیلفی اسٹک کے بعد سیلفی ڈرون

پیوٹو ریکو کی کمپنی نے سال 2018 کو سیلفی کے لیے اہم سمجھتے ہوئے پہلی بار ایک ایسا ڈرون متعارف کرایا ہے، جسے کسی بھی اسمارٹ موبائل میں نصب کرکے اسے سیلفی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اس ڈرون سیلفی کو خصوصی ایپ کے ذریعے اسمارٹ موبائل سے منسلک کیا جاتا ہے، جو 45 فٹ کی اونچائی یا دوری سے سیلفی کھینچنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ڈیل کا لیپ ٹاپ

ڈیل کے ایکس پی ایس 15 لیپ ٹاپ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نہ صرف صارفین گیم کھیل سکیں گے، بلکہ اس کے ذریعے ویڈیو ایڈیٹنگ، گرافکس اور اینیمیشن کا کام بھی کیا جاسکے گا۔

تمام تصاویر: بشکریہ انگیجٹ