’ہم شریف خاندان کے خلاف پی اے ٹی کی مہم کا حصہ نہیں‘
ڈیرہ غازی خان: سرگودھا سے تعلق رکھنے والی روحانی شخصیت پیر حمید الدین سیالوی کا کہنا ہے کہ وہ شریف خاندان کے خلاف پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی کسی مہم کا حصہ نہیں بنے گئے۔
پیر حمید الدین سیالوی نے تونسہ میں 40 مزارات کے متولیوں سے ملاقات کی۔
ملاقات میں روحانی پیشوا اور ان کی پیروی کرنے والوں نے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی جانب سے اقلیت کے حوالے سے ٹی وی پر دیئے گئے بیان پر بات چیت کی۔
مزید پڑھیں: میڈیا پر نواز شریف کیلئے نئے این آر او کی باتیں پروپیگنڈا قرار
اس موقع پر پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ان کے کوئی سیاسی مقاصد نہیں جبکہ وہ شریف خاندان اور رانا ثناء اللہ کے خلاف پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کی جاری مہم کا حصہ نہیں بنے گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا طاہر القادری سے کوئی رابطہ نہیں ہوا کیوں کہ ہمارا ہوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے‘۔
اس اجلاس میں ملک بھر میں قائم مختلف مزارات کے متولیوں نے شرکت کی تھی جس کی سربراہی حضرت شاہ سلیمان تونسوی کے سجادہ نشین خواجہ عطاء اللہ کررہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پنجاب حکومت طاہر القادری کی مدد کیلئے تیار ہے‘
پیر حمید الدین سیالوی کا مزید کہنا تھا کہ ان کی تحریک صرف اور صرف ختم نبوت سے متعلق ہے، انہوں نے 9 جنوری کو سرگودھا میں سیال شریف کے مقام پر مشائخ کا اجلاس منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا تاکہ رانا ثناء اللہ کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں مستقبل کا لائحہ عمل ترتیب دیا جا سکے۔
اس موقع پر خواجہ عطاء اللہ نے کہا کہ وہ شریف خاندان کو پیش کش کیے جانے والے کسی بھی این آر او کی مخالفت کریں گے۔
یہ رپورٹ یکم جنوری 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی