• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

2017 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ کی فلاپ فلمیں

کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کمائی کے حوالے سے یہ سال بولی وڈ کے لیے ناکام رہا۔
شائع December 30, 2017 اپ ڈیٹ January 5, 2018

2017 میں بولی وڈ اداکاروں نے اپنی فلموں کے ساتھ بہت سے نئے تجربے کیے، ان میں کچھ تو شاید کامیاب ہوئے لیکن زیادہ تر باکس آفس پر بُری طرح ناکام رہے۔

یہ سال بڑے بڑے کامیاب اداکاروں کی فلمیں باکس آفس پر ناکام ہوئیں، جبکہ انہیں تجزیہ کاروں اور شائقین کی تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

کہنا غلط نہیں ہوگا کہ کمائی کے حوالے سے یہ سال بولی وڈ کے لیے ناکام رہا۔

شاہ رخ خان اور سلمان خان جیسے اداکاروں کی فلمیں بھی باکس آفس پر ناکام ہوئیں، جبکہ نئی جوڑیوں کی فلموں کو بھی رواں سال خاصہ پسند نہیں کیا گیا۔

اس سال کون سی بولی وڈ فلم باکس آفس پر ناکام رہی جبکہ اسے منفی ریویوز بھی دیے گئے، یہاں دیکھیں:

ٹیوب لائٹ

بولی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کی کوئی بھی فلم ریلیز ہوجائے یہ باکس آفس پر ہٹ ضرور ثابت ہوتی ہے، پھر چاہے اس کی کہانی یا اس فلم میں کی گئی اداکاری کتنی ہی کمزور کیوں نہ ہو، اس بات کی ایک مثال سلمان خان کی فلم ’پریم رتن دھن پایو ہے‘، لیکن ایسا ان کی رواں سال ریلیز ہونے والی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کے ساتھ نہیں ہوا۔

کبیر خان کی ہدایات میں بننے والی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ ہولی وڈ فلم ’لٹل بوائے‘ کی نقل پر بنائی گئی، البتہ فلم میں دو بھائیوں کے رشتے کو پیش کیا گیا تھا۔

سلمان سمیت اداکاروں کی کمزور اداکاری اور کمزور کہانی کے باعث فلم کو شائقین اور تجزیہ کاروں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ یہ باکس آفس پر بھی فلاپ ثابت ہوئی۔

جب ہیری میٹ سیجل

یہ سال شاید بولی وڈ خانز کے لیے کافی اچھا ثابت نہیں ہوا، سلمان خان کی طرح اداکار شاہ رخ خان کی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کو بھی اس کی کمزور اور بےتکی کہانی کے لیے تجزیہ کاروں اور شائقین کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

فلم میں شاہ رخ خان اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے، جبکہ مداحوں کو نہ تو ان کی اداکاری، نہ ہی فلم کی کہانی اور نہ ہی موسیقی کسی چیز نے متاثر نہیں کیا۔

فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ بھی رواں سال کی فلاپ فلم کے طور پر سامنے آئی۔

ہاف گرل فرینڈ

چیتن بھگت کے ناول پر مبنی فلم ’ہاف گرل فرینڈ‘ سے ویسے ہی کسی کو کوئی خاص امیدیں وابستہ نہیں تھیں کیوں کہ اس ناول کو بھی زیادہ پسند نہیں کیا گیا تھا۔

اس فلم میں شردہا کپور اور ارجن کپور نے مرکزی کردار ادا کیے، جہان ارجن کی اداکاری کو پھر کسی حد تک پسند کیا گیا، شردہا کے کام کو تنقید کا سامنا رہا۔

فلم کالج میں پڑھنے والے دو نوجوانوں پر مبنی تھی، تاہم اس فلم کو نوجوان نسل کی تعریف بھی موصول نہیں ہوئی۔

رابطہ

فلم ’رابطہ‘ میں سشانت سنگھ راجپوت اور کریتی سنن نے پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کیا، فلم جب تک بنائی جاتی رہی ان دونوں کے افیئر کی خبریں بھی سامنے آتی رہیں، لیکن جیسے ہی فلم ریلیز ہوئی، یہ خبریں بھی دم توڑ گئیں، اور ایسا ہی کچھ ان کی فلم کے ساتھ بھی ہوا۔

اس فلم کی کہانی کے ساتھ ساتھ اداکاری کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، دو پیار کرنے والوں کی جدائی کی کہانی پھر ان کا دوبارہ جنم یہ کہانیاں فلموں میں زمانے سے دکھائی جارہی ہیں۔

اس لیے فلم ’رابطہ‘ بھی متاثر کرنے میں کافی حد تک ناکام رہی۔

فلوری

اداکارہ انوشکا شرما کی اپنی ہی پروڈکشن میں بنائی گئی فلم ’فلوری‘ بھی رواں سال کی ناکام بولی وڈ فلم رہی۔

اس پوری فلم میں انوشکا شرما نے ایک بھوت کا کردار ادا کیا، جو دھوکا ملنے پر خودکشی کرتی ہے، تاہم بعدازاں اسے معلوم ہوتا ہے کہ اسے دھوکا نہیں ملا تھا۔

فلم کو تجزیہ کاروں نے کافی منفی ریویوز دیے، جبکہ شائقین بھی اسے سینما گھروں میں بہت زیادہ تعداد میں دیکھنے نہیں آئے۔

جگا جاسوس

رنبیر کپور اور کترینہ کیف کی فلم ’جگا جاسوس‘ بھی بُری طرح باکس آفس پر ناکام ہوئی، اس فلم میں رنبیر نے جاسوس کا کردار ادا کیا جو اپنے والد کی تلاش میں مصروف ہوتا ہے جس دوران کترینہ ان کی مدد کرتی ہیں۔

فلم کی ناکامی کے بعد رنبیر کے والد رشی کپور نے بھی فلم کے ہدایت کار انوراگ باسو پر شدید تنقید کی اور فلم کی ناکامی کی وجہ انہیں کو ٹھرایا۔

یہ ایک میوزیکل فلم تھی تاہم یہ باکس آفس پر اچھی کمائی کرنے میں ناکام رہی۔


یہ تو بولی وڈ کی وہ بڑی بڑی فلمیں تھیں جن کی ریلیز کو رواں سال خوب توجہ ملی، ان کے علاوہ بھی کئی بولی وڈ فلمیں رواں سال ناکام ہوئیں جن میں ’منا مائیکل‘، ’حسینہ پارکر‘، ’سرکار 3‘ اور ’بھومی‘ وغیرہ شامل ہیں۔