• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایپل نے پرانے آئی فون سست کرنے پر معذرت کرلی

شائع December 29, 2017
— اے ایف پی فائل فوٹو
— اے ایف پی فائل فوٹو

ایپل نے گزشتہ دنوں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ دانستہ طور پر پرانے آئی فونز کو سست کردیتی ہے، اب کمپنی نے اس پر صارفین سے معذرت کرلی ہے۔

برسوں سے لوگوں کی شکایات کرتے رہے تھے کہ نئی ڈیوائس آنے کے ساتھ ہی پرانی سست ہونے لگتی ہے اور کمپنی ایسا جان بوجھ کر کرتی ہے، تاہم ایپل نے 20 دسمبر کو اپنے بیان میں کہا تھا کہ ایسا پرانی بیٹری سے ڈیوائس کو ہونے والے نقصان سے بچانے کے لیے کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں : ایپل کا پرانے آئی فون سست کرنے کا اعتراف

ایپل کی یہ وضاحت ان لوگوں کے لیے قابل قبول ثابت نہیں ہوئی جو الزام عائد کرتے ہیں کہ کمپنی ایسا اس مقصد کے لیے کرتی ہے تاکہ صارف نیا فون لینے پر مجبور ہوجائے۔

ایپل کے اعتراف کے بعد اس کے خلاف کئی افراد نے مقدمات بھی دائر کیے۔

اب ایپل نے ایک ہفتے میں فونز کو سست کرنے کے معاملے پر رسمی معذرت کرتے ہوئے پرانے فونز کی بیٹری بدلنے کے لیے خصوصی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایپل کے مطابق آئی فون سکس یا اس کے بعد کے ماڈل میں بیٹری بدلتے ہی ان کی کارکردگی فوری طور پر پہلے جیسی ہوجائے گی۔

ابھی ان نئی بیٹریوں کی قیمت 79 ڈالرز (8 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) ہے مگر ایپل کی جانب سے اب صارفین صرف 29 ڈالرز (تین ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں بیٹری بدل سکیں گے۔

اس پیشکش کا آغاز جنوری سے ہوگا اور 2018 کے تمام مہینوں میں صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔

اسی طرح ایپل کی جانب سے ایک سافٹ وئیر اپ ڈیٹ بھی جاری کی جائے گی تاکہ صارفین کو اپنے فون کی بیٹری کی حالت کے بارے میں زیادہ معلوم ہوسکے۔

ایپل کا کہنا تھا 'ہم جانتے ہیں آپ میں سے کچھ لوگوں کو لگتا ہے کہ ایپل نے ان کا دل توڑ دیا ہے، ہم اس پر معذرت خواہ ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں : جعلی آئی فون کو کیسے شناخت کریں؟

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ رسمی معذرت اور کم قیمت میں بیٹری بدلنا لوگوں کا ایپل پر اعتماد بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے یا نہیں، تاہم اس اعتراف کے بعد اس کی ساکھ کو بہت بڑا دھچکا ضرور لگا تھا جو ماہرین کے مطابق برسوں تک کمپنی کے لیے ڈراﺅنا خواب ثابت ہوسکتا ہے۔

اور یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایپل کی جانب سے پرانے فونز کو سست کرنے پر معذرت نہیں کی گئی بلکہ وہ اسے درست فیصلہ ہی قرار دی جاتی ہے، بلکہ یہ معذرت اس بات کو خفیہ رکھنے پر کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024