• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

2017 کی بہترین پاکستانی فلمیں

بہترین موضوعات کو ان پاکستانی فلموں کے ذریعے سامنے لایا گیا۔
شائع December 26, 2017 اپ ڈیٹ December 30, 2017

2017 پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے کافی مثبت ثابت ہوا، اس سال کافی شاندار فلمیں سینما گھروں میں پیش کی گئیں۔

ان فلموں میں پاکستان کے کئی نامور اداکاروں نے کام کیا، ان موویز میں نہ صرف مضبوط کہانیوں کو پیش کیا گیا، بلکہ متعدد فلموں میں خواتین کے مضبوط کرداروں کو بھی دکھایا گیا۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزرتے وقت کے ساتھ پاکستان فلم انڈسٹری میں فلموں کی پروڈکشن میں بھی اضافہ ہوا ہے، رواں برس بھی کئی فلمیں بنیں، مگر ان میں سے چند فلمیں ہی شائقین میں مقبول ہوئیں۔

ویسے تو ابھی ہماری فلم انڈسٹری بولی وڈ اور ہولی وڈ سے کافی پیچھے ہے، لیکن اگر اسی طرح شاندار فلمیں بنائی جاتی رہیں تو یقیناً بہت جلد پاکستان فلم انڈسٹری بھی دنیا بھر میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

رواں سال ریلیز ہونے والی چند شاندار پاکستانی فلمیں درجہ ذیل ہیں:

یلغار

تقریباً تین سالوں سے بننے والی پاکستان فلم ’یلغار‘ آخر کار رواں سال ریلیز کردی گئی۔

فلم کی کہانی سوات کے علاقے پارا چنار میں ہونے والے فوجی آپریشن اور عسکریت پسندوں کے خلاف لڑنے والے حقیقی ہیروز کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں اداکار شان اور عدنان صدیقی ایس ایس جی کمانڈوز کے روپ میں نظر آئے۔

فلم کے ہداہتکار حسین رانا ہیں جو اس سے قبل وار جیسی کامیاب فلم پروڈیوس کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

پچاس کروڑ روپے کے میگا بجٹ میں بننے والی فلم یلغار مکمل طور پر پاکستان میں تیار کی گئی تھی جس میں شاندار ایکشن سینز پیش کیے گئے۔

پنجاب نہیں جاؤں گی

فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ رواں سال عید الضحیٰ پر ریلیز ہوئی، یہ اس سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پاکستانی فلم تھی۔

اس فلم میں ہمایوں سعید، مہوش حیات اور عروہ حسین نے مرکزی کردار ادا کیے۔

فلم کی کہانی ایک پڑھی لکھی آزاد خیال لڑکی (مہوش حیات) اور پنجاب کے دیہاتی لڑکے (ہمایوں سعید) کی زندگی اور شادی پر مبنی تھی۔

نامعلوم افراد 2

2014 کی کامیاب پاکستانی فلم نامعلوم افراد کا سیکوئل رواں سال ریلیز ہوا جس میں فہد مصطفیٰ، جاوید شیخ اور محسن عباس حیدر دوبارہ مرکزی کرداروں میں نظر آئے۔

نامعلوم افراد کی طرح فلم کے سیکوئل کو بھی شائقین نے بےحد پسند کیا، اور کاسٹ کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

فلم کی مضبوط کہانی کے ساتھ کامیڈی سینز کو بھی بےحد پسند کیا گیا۔

فلم کی پروڈکشن فضا علی میرزا اور ہدایات نبیل قریشی نے دی۔

ورنہ

فلم ورنہ میں سارہ (ماہرہ خان) اپنے شوہر کے ساتھ خوشحال زندگی گزار رہی ہوتی ہیں، تاہم چند لوگوں کی وجہ سے ان کی زندگی میں مشکلات پیدا ہوجاتی ہیں۔

یہ فلم باکس آفس پر بہت زیادہ کمائی کرنے میں ناکام رہی، البتہ فلم کے سنجیدہ موضوع کو لوگوں نے خوب پسند کیا۔

ویسے تو فلموں میں خواتین کے کردار کو کمزور پیش کیا جاتا ہے تاہم اس فلم میں ماہرہ خان نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کا بدلہ لیا۔

امید ہے کہ ورنہ جیسی فلمیں پاکستانی سینما گھروں میں مزید پیش کی جائیں۔

ارتھ 2

’ارتھ ٹو‘ دراصل بولی وڈ کی 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ارتھ‘ کا سیکوئل ہے، جسے 35 سال بعد پاکستان اور ہندوستان نے مشترکہ طور پر بنایا۔

1982 کی فلم کو مہیش بھٹ نے تیار کیا تھا، لیکن ارتھ ٹو کو اداکار شان نے بنایا۔

فلم میں شان شاہد، محب مرزا، حمیمہ ملک اور عظمی حسن سمیت دیگر کاسٹ شامل ہے۔

فلم میں شان ایک گلوکار، حمیمہ ملک سپر ماڈل، عظمٰی حسن لکھاری اور محب مرزا فلم ساز بنے ہیں۔

اور جتنا اس فلم کے ٹریلر کو پسند کیا جارہا تھا، اتنا ہی عوام فلم کو بھی پسند کررہی ہے۔

فلم دسمبر میں ریلیز ہوئی اور ریلیز ہوتے ہی سب کی پسند بن گئی۔

رنگریزا

اداکار بلال اشرف، گوہر رشید اور عروہ حسین کی فلم ’رنگریزا‘ سال 2017 کے آخری مہینے کے آخری ہفتے ریلیز ہوئی، جس نے شائقین کو خوب متاثر کیا۔

اس فلم کی کہانی موسیقی پر مبنی ہے، جس میں گوہر رشید کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا۔

فلم ’رنگریزا‘ میں بلال اشرف نے ایک راک اسٹار کا کردار ادا کیا، جس کے بہت سے مداح ہیں، تاہم ریشمی (عروہ حسین) ان سے بالکل متاثر نہیں ہوتیں، جس کے بعد ان کی رومانوی کہانی کا آغاز ہوتا ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں اکبر سبحانی، سلیم معراج، تنویر جمال اور شاہد نقوی سمیت دیگر اداکار شامل رہے۔