• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
اقوام متحدہ بیت المقدس کو خودمختار شہر قرار دے چکا—فائل فوٹو: اے ایف پی
اقوام متحدہ بیت المقدس کو خودمختار شہر قرار دے چکا—فائل فوٹو: اے ایف پی
شائع December 7, 2017 اپ ڈیٹ December 12, 2017

بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت کیوں تسلیم نہیں کیا جاسکتا؟



ساگر سہندڑو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 دسمبر کو دنیا کے قدیم ترین شہروں میں سے ایک بیت المقدس (یروشلم) کو کئی ممالک کی جانب سے غیر تسلیم شدہ ریاست اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے ایک نئے تنازع کا آغاز کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ہی ماضی کے امریکی صدور کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایسا فیصلہ کردکھایا جو صرف وہی کرسکتے ہیں۔

امریکا کے اس متنازع فیصلے پر جہاں عرب و مسلم ممالک کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا، وہیں کئی غیر مسلم ممالک یہاں تک کے امریکا کے انتہائی اہم اتحادی ممالک کی جانب سے بھی اس کی مذمت کی گئی۔

حیران کن بات یہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کی مذمت برطانیہ نے بھی کی، جس نے اسرائیل جیسے ملک کو دنیا میں آباد کرنے کا آغاز کیا۔

امریکی اعلان کے بعد یروشلم کے اسرائیلی میونسپل آفس کے باہر دونوں ممالک کے جھنڈے لگائے گئے—فوٹو: اے ایف پی
امریکی اعلان کے بعد یروشلم کے اسرائیلی میونسپل آفس کے باہر دونوں ممالک کے جھنڈے لگائے گئے—فوٹو: اے ایف پی

ایک مقدس، قدیم ترین، خود مختار اور کسی بھی طرح اسرائیل کے زیرانتظام نہ رہنے والے شہر کو کس طرح اس کا دارالحکومت تسلیم کیا جاسکتا ہے، یہ تو صرف ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو انتظامیہ ہی بتاسکتی ہے، باقی دنیا اس فیصلے کی دانشمندی سمجھنے سے بھی قاصر ہے۔

اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس کو اپنا دارالحکومت بنانے کا خواب یوں تو 70 سال پرانا ہے، تاہم اس نے خود کو تسلی دینے کے لیے سب سے پہلے 1980 میں یروشلم کو پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بل کے ذریعے دارالخلافہ قرار دیا، جس کی مذمت اس وقت نہ صرف عرب و مسلمان ممالک بلکہ امریکا سمیت دیگر ممالک نے بھی مخالفت و مذمت کی، مگر آج 37 سال بعد امریکا نے اس فیصلے کو تسلیم کرکے ایک نئے تنازع کا آغاز کردیا۔

برطانوی فوج 1922 میں یروشلم میں داخل ہوئی—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ
برطانوی فوج 1922 میں یروشلم میں داخل ہوئی—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ

امریکا اس وقت دنیا کا واحد اور پہلا ملک ہے، جس نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیا ہے۔

لیکن باقی دنیا بیت المقدس یا یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت اس لیے بھی تسلیم نہیں کرسکتی کہ اس شہر کو اقوام متحدہ (یو این) 1947 میں ایک عالمی خود مختار شہر کا درجہ دے چکی ہے۔

اس شہر کو انتظامی حوالے سے مکمل طور پر نہ تو فلسطین کے اختیار میں دیا گیا، نہ ہی اسرائیل کے اختیار میں، تو پھر کیسے اس شہر کو متعدد ممالک کی جانب سے غیر تسلیم شدہ ریاست کا دارالحکومت مانا جائے؟َ

1948 میں پہلی عرب اسرائیل جنگ لڑی گئی—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ
1948 میں پہلی عرب اسرائیل جنگ لڑی گئی—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ

اسرائیل کی جانب سے بیت المقدس پر قبضے اور اسے اپنا دارالحکومت تسلیم کروانے کا سلسلہ جنگ عظیم دوئم کے بعد اس وقت شروع ہوا، جب برطانیہ و امریکا سمیت یورپی ممالک کے آشیرواد سے یہودیوں کو یورپ سے پناہ گزینوں کی حیثیت میں فلسطین میں آباد کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

یوں تو یہودیوں کو اس سرزمین پر آباد کرنے کا سلسلہ 1922 میں برطانیہ کے فلسطین پر قبضے کرنے کے بعد ہی شروع ہوگیا تھا، تاہم اس میں جنگ عظیم دوئم کے دوران اس وقت شدت آئی جب جرمنی کے چانسلر ایڈولف ہٹلر نے یہودوں کے خلاف زمین تنگ کردی۔

برطانیہ نے فلسطین پر قبضہ اس عالمی تقسیم کے بعد کیا، جس میں جنگ عظیم اول میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ اور فرانس کو سلطنت عثمانیہ کے کئی علاقوں کا کنٹرول دیا گیا تھا۔

1948 میں اسرائیل نے بیت المقدس کے ایک حصے پر قبضہ کرلیا تھا—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ
1948 میں اسرائیل نے بیت المقدس کے ایک حصے پر قبضہ کرلیا تھا—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ

سلطنت عثمانیہ جنگ عظیم اول میں برطانیہ اور فرانس کے مخالف گروپ یعنی جرمنی کے ساتھ تھا، اسی گروپ کو شکست ملنے کے بعد جہاں جرمنی کو کمزور ترین کردیا گیا، وہیں سلطنت عثمانیہ کو بھی توڑ کر مختلف ممالک اور علاقوں میں تقسیم کردیا گیا تھا۔

یوں 1922 سے لے کر 1947 تک فلسطین میں یورپ سمیت دنیا کے دیگر خطوں سے لائے گئے یہودیوں کی تعداد اتنی بڑھ گئی کہ برطانیہ و امریکا سمیت دیگر یورپی ممالک کو ان کے لیے ایک الگ ریاست قائم کرنے کا خیال آیا۔

برطانیہ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ معاملہ اس وقت نئے نئے بننے والے اقوام متحدہ میں بھیج دیا، جس نے معاملے کی سنگینی کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی(یو این ایس سی او پی) تشکیل دی، جس کی ذمہ داری فلسطین کی یہودیوں اور عربوں میں تقسیم کرنا تھا۔

یوں انتہائی کم عرصے میں اس کمیٹی نے فلسطینی سرزمین کو تقسیم کرنے کی سفارش کردی، جس کے بعد اقوام متحدہ نے 23 ستمبر 1947 کو ریزولیشن 181 کے تحت اسے یہودیوں اورعرب قوم میں تقسیم کرکے ’بیت المقدس‘ کو ایک الگ اور خودمختار حیثیت دے دی۔

اس قرارداد کے اگلے سال ہی اسرائیل نے عرب ممالک سے جنگ کرکے جہاں بیت المقدس شہر کے مغربی حصے پر قبضہ کیا وہیں تل ابیب کو اپنا دارالحکومت قرار دے کر اسرائیلی ریاست کے قیام کا اعلان بھی کردیا، اس جنگ میں اسرائیل کے خلاف مصر اور اردن کی سربراہی میں شام، لبنان اور عراق بھی شامل ہوئے۔

1967 میں اسرائیل نے مشرقی یروشلم پر بھی قبضہ کرلیا، جس میں مسجدالاقصیٰ بھی واقع ہے—فوٹو: اسکیپٹسزم ڈاٹ کام
1967 میں اسرائیل نے مشرقی یروشلم پر بھی قبضہ کرلیا، جس میں مسجدالاقصیٰ بھی واقع ہے—فوٹو: اسکیپٹسزم ڈاٹ کام

یوں اسرائیل کے قبضے سے لے کر آج تک جہاں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کا تصادم ہوتا رہتا ہے وہیں، اسرائیل کے ساتھ 1967 میں شام، مصر اور اردن نے ایک بار پھر جنگ لڑی، لیکن اس بار بھی عرب ممالک کو کوئی کامیابی حاصل نہ ہوئی، اور اسرائیل نے بیت المقدس کے مشرقی شہر پر بھی قبضہ کرلیا۔

اس سے قبل بیت المقدس شہر کا مشرقی حصہ اردن کے کنٹرول میں تھا۔

خود اسرائیلی حکومت نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ 1967 میں لگنے والی جنگ سے قبل بیت المقدس کا مشرقی حصہ بشمول شہر کا پرانا حصہ اردن کے پاس تھا، لیکن اسرائیل نے جنگ کے اختتام پر اس پر قبضہ کرلیا۔

اسرائیلی فوجی پہلی بار 7 جون 1967 کو کعبہ اول میں داخل ہوئے—فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل
اسرائیلی فوجی پہلی بار 7 جون 1967 کو کعبہ اول میں داخل ہوئے—فوٹو: ٹائمز آف اسرائیل

اس جنگ کے محض 13 سال بعد 1980 میں اسرائیل نے ’یروشلم لا‘ نامی ایک بل پاس کیا، جس میں اسے اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیا گیا۔

اسرائیل کے اس بل کے خلاف اسی سال اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ہنگامی اجلاس کے دوران ’ریزولیشن 478‘ پاس کرتے ہوئے اس قانون کو کالعدم قرار دیا.

نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ اسرائیل کے اس قانون کو امریکا و روس سمیت درجنوں ممالک نے بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس کے مشرقی حصے پر قبضہ کیا گیا، اس لیے اس قانون کو تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔

1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں کامیابی کے بعد 1968 میں اسرائیلی فوج نے یروشلم میں پریڈ منعقد کی—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ
1967 کی عرب اسرائیل جنگ میں کامیابی کے بعد 1968 میں اسرائیلی فوج نے یروشلم میں پریڈ منعقد کی—فوٹو: یروشلم ہسٹری بلاگ پوسٹ

امریکا اور روس سمیت دیگر ممالک نے بعد ازاں قبضے سے حاصل کیے گئے بیت المقدس کے علاقے میں اسرائیلی بستیوں کے قیام کی بھی مخالفت کی، اور اس پر حکومتی بیان بھی جاری کیے۔

لیکن ان تمام معاملات کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 دسمبر کو بلآخر بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ فیصلہ امریکی حکومت کی جانب سے 1995 میں کیے گئے اس فیصلے کے پیش نظر کیا، جس میں امریکی حکومت صہیونی ریاست سے یہ معاہدہ کر چکی تھی کہ امریکا ’بیت المقدس‘ کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے اپنا سفارتخانہ تل ابیب سے منتقل کرے گی۔

یروشلم کو سیاحت کے حوالے سے بھی اہم مانا جاتا ہے—فوٹو: اے ایف پی
یروشلم کو سیاحت کے حوالے سے بھی اہم مانا جاتا ہے—فوٹو: اے ایف پی

امریکا نے اسرائیل کے ساتھ یہ معاہدہ بار بار صہیونیوں کی جانب سے کیے جانے والے مطالبے کے بعد کیا۔

تاہم امریکا کے مختلف صدور نے گزشتہ 23 سال سے اپنے ہی اس معاہدے پر عمل نہیں کیا، یہاں تک کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اقتدار سنبھالتے ہوئے اس فیصلے کو 6 ماہ کے لیے ملتوی کیا تھا، اور خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ اس معاملے کو مزید عرصے تک ملتوی کریں گے، لیکن توقعات کے برعکس انہوں نے 6 دسمبر کو یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے دنیا کو چونکا دیا۔

یروشلم میں سیکڑوں صدیوں پرانی عمارتیں موجود ہیں—عبدوزیڈو ڈاٹ کام
یروشلم میں سیکڑوں صدیوں پرانی عمارتیں موجود ہیں—عبدوزیڈو ڈاٹ کام

یروشلم کثیرالمذہبی و کثیرالثقافتی شہر

—فوٹو: —عبدوزیڈو ڈاٹ کام
—فوٹو: —عبدوزیڈو ڈاٹ کام

بیت المقدس دنیا کا وہ واحد شہر ہے جس میں تین بڑے مذاہب یعنی مسیحیت، اسلام اور یہودیت کے پیروکار بستے ہیں۔

اس شہر میں تین مذاہب کی صدیوں پرانی عبادت گاہیں موجود ہیں، جب کہ تینوں مذہب کے لوگ اسے اپنے اپنے عقیدوں کے مطابق سب سے مقدس شہر مانتے ہیں۔

مسیحی حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کی وجہ سے اس شہر کو مقدس مانتے ہیں، جب کہ یہودیوں کا عقیدہ ہے کہ دیوار گریہ ہیکل سلیمانی کا حصہ ہے، جس کی وجہ سے ان کے لیے یہ شہر مقدس ہے۔

مسیحیوں کا سب سے مقدس کلیسائے مقبرہ مقدس بھی یہاں ہے—فوٹو:ٹوئر یوئر وے ڈاٹ کام
مسیحیوں کا سب سے مقدس کلیسائے مقبرہ مقدس بھی یہاں ہے—فوٹو:ٹوئر یوئر وے ڈاٹ کام

یہاں مسلمانوں کا قبلہ اول بھی ہے، جس کی وجہ سے یہ ان کے لیے بھی مقدس شہر ہے۔

دیوار گریہ کو یہودی ہیکل سلیمانی کا حصہ قرار دیتے ہوئے یہاں آکر عبادات کرتے ہیں، وہ اس دیوار کو ہاتھوں سے چھونے کے بعد کچھ دیر تک خاموشی سے آنسو بہاتے رہتے ہیں۔

یہودیوں کے عقیدے کے مطابق ہزاروں سال سے ان کے آباؤ اجداد یہاں آکر عبادات کرنے سمیت غمزدہ ہوا کرتے تھے، جس کی وجہ سے اسے دیوار گریہ کہا جاتا ہے۔

مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی مقدس عمارات بھی اس شہر میں موجود ہیں—فوٹو: ہیکساپولس
مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی مقدس عمارات بھی اس شہر میں موجود ہیں—فوٹو: ہیکساپولس

دوسری جانب مسلمانوں کا عقیدہ ہے کہ شب معراج پر جاتے وقت ان کے آخری نبی حضرت محمد ﷺ کا براق اس دیوار پر آکر رکا تھا، جس کی وجہ سے اسے 'دیوار براق' بھی کہا جاتا ہے۔

مرکزی محکمہ شماریات کے مطابق بیت المقدس کی آبادی کو نہ صرف اسرائیلی یہودیوں اور فلسطینیوں کے درمیان بلکہ یہودیوں کی آبادی میں بھی تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ شہر کے ایک تہائی 5 لاکھ 42 ہزار بالغ یہودی خود کو الٹرا آرتھوڈکس کے طور پر نمایاں کرتے ہیں۔

یہودیوں کے لیے مقدس دیوار مغرب یا دیوار گریہ بھی بیت المقدس میں ہے—ٹوئر یوئر وے ڈاٹ کام
یہودیوں کے لیے مقدس دیوار مغرب یا دیوار گریہ بھی بیت المقدس میں ہے—ٹوئر یوئر وے ڈاٹ کام

واضح رہے کہ الٹرا آرتھوڈکس بیت المقدس میں سب سے تیزی سے پھیلنے والا طبقہ ہے، جس کے دو تہائی سے زیادہ تعداد میں ایلمنٹری اسکول بیت المقدس میں قائم ہیں۔

بیت المقدس میں فلسطینیوں نے اسرائیلی خدمات اور رہائش گاہیں حاصل کررکھی ہیں جبکہ زیادہ تر فلسطینی بلدیاتی انتخابات میں حصہ نہیں لیتے اور پارلیمانی انتخابات میں بھی ووٹ نہیں ڈالتے۔

اس شہر میں عیسائیوں اور آرمینیائی قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کی بھی بہت بڑی تعداد بستی ہے، لیکن یہ دونوں ایک ہی مذہب کے ماننے والے ہیں۔

اس شہر میں جہاں تین بڑے مذاہب کے لوگ بستے ہیں، اسی طرح یہاں تین مختلف تہذیبوں کی جھلک بھی نظر آتی ہے، یہاں تینوں مذاہب کے ماننے والوں کے روایتی کھانوں کے متعدد ہوٹل اور کئی سیاحتی مقام بھی ہیں، جس وجہ سے یہاں سال بھر سیاحوں کا رش لگا رہتا ہے۔

بیت المقدس میں سیاحوں کا بھی رش لگا رہتا ہے—ٹوئر یوئر وے ڈاٹ کام
بیت المقدس میں سیاحوں کا بھی رش لگا رہتا ہے—ٹوئر یوئر وے ڈاٹ کام

تبصرے (4) بند ہیں

وسیم بن اشرف،ملتان Dec 07, 2017 06:19pm
امریکہ کا فیصلہ متنازعہ ہے اسی لئے فلسطین کی تنظیم حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق امریکی اعلان کے خلاف نئی انتفاضہ (جدو جہد آزادی) تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ غزہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے اسرائیل کے خلاف انتفاضہ (جدو جہد آزادی ) کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں انتفادہ کےلئے کام کرنا چاہئے، ہم حق خودارادیت کےلئے جدوجہد کرتے رہیں گے جبکہ کل یوم جمعہ کو امریکی فیصلے اور اسرائیل کے خلاف احتجاج اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
شریف ولی کھرمنگی Dec 07, 2017 10:42pm
چالیس ممالک کے اتحاد کیا اسرائیل کے خلاف ایک بیان تک دینے کی جسارت نہیں کرسکتی؟ اگر ایسا ہے تو ایسے اتحاد کا کیا فائدہ؟ لگتا ہے اس اتحاد کا مقصد کچھ اور ہی ہے۔
Muhammad Bashir Chaudhry Dec 08, 2017 04:48pm
مسلمان حکمران ابھی تک ایسے الفاظ ڈھونڈ رھے ہیں کہ جن میں ٹرمپ کی مذمت کریں اوراُسے غُصہ بھی نہ لگے اور وہ ناراض بھی نہ ھو
Rubina Dec 08, 2017 05:23pm
@شریف ولی کھرمنگی you are right.