• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

لشکر طیبہ کا سب سے بڑا حمایتی ہوں، پرویز مشرف

شائع November 29, 2017

سابق صدر پرویز مشرف نے اعلان کیا ہے کہ وہ کالعدم عسکریت پسند گروپ لشکر طیبہ کے سب سے بڑے حمایتی ہیں۔

پرویز مشرف نے لشکر طیبہ، جماعۃ الدعوہ اور اس کے سربراہ حافظ سعید کی حمایت کا اعلان نجی نیوز چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ یا (11th hour) میں ملک کی 23 جماعتوں کے گرینڈ الائنس کے حوالے سے بات چیت کے دوران کیا۔

ٹاک شو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ کیسا لگے کہ کا ایک روشن خیال اور لبرل نقطہ نظر رکھنے والے پرویز مشرف مجلس وحدت المسلمین، سنی اتحاد کونسل اور پاکستان سنی تحریک جیسی مذہبی جماعتوں کے ساتھ بیٹھے ہوں؟

جواب میں پرویز مشرف نے کہا کہ ہاں میں لبرل ہوں اور یہ میرے خیالات ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں تمام مذہبی جماعتوں کے خلاف ہوں۔

مزید پڑھیں: پرویز مشرف کی سربراہی میں 23 جماعتی ’اتحاد‘ قائم

انہوں نے کہا کہ میں لشکر طیبہ کا سب سے بڑا حمایتی ہوں اور مجھے پتہ ہے کہ لشکر طیبہ اور جماعۃ الدعوہ والے مجھے پسند کرتے ہیں۔

حافظ سعید کو پسند کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال میں پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ وہ انہیں پسند کرتے ہیں اور ان سے ملے ہوئے بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ کشمیر میں ان کی حمایت میں رہے ہیں اور ہمیشہ اس بات کی بھی حمایت کی ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کو دبانا ہے کیونکہ یہ سب سے بڑی طاقت ہے جسے بھارت نے امریکا کے ساتھ مل کر دہشت گرد قرار دلوادیا۔

سابق صدر نے کہا کہ 2008 کے ممبئی حملوں میں لشکر طیبہ ملوث نہیں تھی اور ان پر بھارت اور اس کے حمایتی واشنگٹن کی جانب سے الزامات لگائے گئے تھے۔

پاکستان کی خود مختاری کی توہین

انٹرویو کے دوران سابق آرمی چیف نے کہا کہ گزشتہ ہفتے واشنگٹن کی جانب سے جاری ہونے والا بیان پاکستان کی خود مختاری کی توہین تھی۔

اپنے بیان میں امریکا نے پاکستان کو کہا تھا کہ وہ حافظ سعید کو دوبارہ گرفتار کرے کیونکہ امریکی محکمہ انصاف نے انہیں دہشت گرد قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف کے پاسپورٹ کی تجدید میں تاخیر

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان کو حافظ سعید کی گرفتاری یقینی بنانی چاہیے اور انہیں ان کے جرائم کی سزا دینی چاہیے۔

واشنگٹن کا کہنا تھا کہ جماعۃ الدعوہ کے سربراہ کی رہائی بین الاقوامی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی عزم کے حوالے سے ایک پریشان کن پیغام ہے۔

امریکا نے پاکستان کو خبر دار کیا تھا کہ اگر حافظ سعید کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی تو پاکستان کو دو طرفہ تعلقات میں اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

پرویز مشرف نے کہا کہ اس طرح کی زبان پاکستان کی خودمختاری کی توہین ہے اور میں کبھی ایسی زبان برداشت نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ڈکٹیٹ نہ کریں، ہم فیصلہ کریں گے کہ کون اس کا سربراہ ہے اور ہم ہی فیصلہ کریں گے کہ کسے سزا دی جائے۔

جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں

سابق صدر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو خطرہ نہیں لیکن ہمیں ملکی ضروریات کے مطابق اس میں پائیداری کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نظام میں ترمیم، سیاسی تنظیم نو، انتخابی اصلاحات اور توازن کی ضرورت ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی ضرورت کے مطابق جمہوریت اور پارلیمانی نظام کو پائیدار کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں سب سے اہم معاملہ فوج کا ہے اور وہ ایک کردار ادا کرتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024