• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان، کشمیر کی آزادی کیلئے لڑ رہا ہوں، حافظ سعید

شائع November 24, 2017
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی

جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور کشمیر کی آزادی کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔

حافظ سعید نے دس ماہ کی طویل نظر بندی سے آزادی کے بعد لاہور میں مسجد القادسیہ میں پہلی مرتبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کی بات کرنے کی پاداش میں مجھے نظربند کیا گیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ'اگر پاکستانی حکمران اپنے فیصلے خود کرنے لگیں تو انھیں بیرونی دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا'۔

—فوٹو:اے ایف پی
—فوٹو:اے ایف پی

حافظ سعید نے دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کشمیریوں سے غداری کی تھی اسی لیے انھیں نکالا گیا۔

پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی و تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے۔

جماعت الدعوہ کے امیر نے کہا کہ جب تک کلبھوشن جیسے دہشت گرد پاکستان میں آتے رہیں گے تب تک یہاں امن قائم نہیں ہو سکتا'۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت سے مذاکرات مقبوضہ کشمیر سے ان کی فوجیوں کی واپسی سے مشروط ہونے چاہیں۔

قبل ازیں بھارت کی جانب سے حافظ سعید کی رہائی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:حافظ سعید کی رہائی پر بھارت کے تحفظات
—فوٹو:اے پی
—فوٹو:اے پی

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ممبئی حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ کو رہا کیے جانے پر نئی دہلی میں شدید غصہ دیکھا جارہا ہے۔

بھارتی اخبار کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'حافظ سعید کی رہائی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے مجرموں کے ساتھ انصاف نہیں کرنا چاہتا'۔

دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان نے خود اعتراف کرنے والے اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے جانے والے شخص کو رہا کر کے بھارت کی تذلیل کی ہے'۔

امریکا کے شدید تحفظات

دوسری جانب امریکا نے بھی حافظ سعید کی رہائی پر 'شدیدتحفظات' کا اظہار کیا جبکہ امریکا نے ان کی انعامی رقم ایک کروڑ ڈالر رکھی ہے۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ہیتھر نویرٹ کا کہنا تھا کہ 'لشکر طیبہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے جو کئی امریکیوں سمیت سیکڑوں معصوم شہریوں کی ہلاکت اور دہشت گردی کی ذمہ دار ہے'۔

انھوں نے کہا کہ 'پاکستانی حکومت کو ان کی حراست اور کیے ہوئے جرائم پر سزا کو یقینی بنانا چاہیے'۔

حافظ سعید کو 10 ماہ کی طویل نظر بندی اور ایک ماہ کی حراست کی معیاد ختم ہونے کے بعد ایک روز قبل عدالت کے حکم پر رہا کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024