• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اداکاراؤں کو ہراساں کرنے کے الزامات: اداکار ڈرامے سے الگ

شائع November 20, 2017 اپ ڈیٹ November 24, 2017
جیفری ٹومبر پر ساتھی اداکاراؤں نے الزامات لگائے—فائل فوٹو: اے ایف پی
جیفری ٹومبر پر ساتھی اداکاراؤں نے الزامات لگائے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ساتھی اداکاراؤں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگانے کے بعد معروف اداکار جیفری ٹومبر نے ڈرامے سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

جیفری ٹومبر ایمازون اسٹوڈیو کے معروف کامیڈی سیریز ڈرامے ’ ٹرانسپیرنٹ‘ کے مرکزی اداکار تھے، انہیں ڈرامے میں ایک مخنث کا کردار ادا کرنے پر ’ایمی‘ ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

’ ٹرانسپیرنٹ‘ کو گولڈن گلوب کے 72 ویں ایوارڈز میں بہترین ٹی وی سیریل کا ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

اس ڈرامے کا آغاز 2014 میں کیا گیا، اس ڈرامے کے تیسرے سیزن کا اختتام ستمبر 2016 میں ہوا، جب کہ رواں برس اگست سے اس ڈرامے کا چوتھا سیزن جاری ہے۔

73 سالہ اداکار پر اپنی اسسٹنٹ سمیت 2 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ: جنسی ہراساں کرنے کا ایک اور بڑا اسکینڈل
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے نشریاتی ادارے ’ڈیڈ لائن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی خبر میں بتایا کہ الزامات کے بعد جیفری ٹومبر نے ڈرامے سے علیحدگی اعلان کردیا۔

اداکار نے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’ٹرانسپیرنٹ‘ میں مخنث ’مورا فیئرمین‘ کا کردار ادا کرنے کا تجربہ ان کی زندگی کے لیے نہایت ہی تخلیقی اور بہترین تجربہ رہا، تاہم اب وہ مزید اس کردار کو ادا نہیں کریں گے‘۔

خبر کے مطابق اداکار نے واضح کیا کہ انہوں نے 4 سال قبل اس ڈرامے کے لیے کیے گئے معاہدے کو مزید آگے نہیں بڑھایا، اور اب وہ ڈرامے کے پانچویں سیزن کا حصہ نہیں ہوں گے۔

جیفری ٹومبر نے نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر ان کے کسی جارحانہ رویے کی وجہ سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے، اور ان کے ایسے رویے کو غلط انداز میں لیا گیا ہے تو وہ اس حوالے سے پہلے ہی معزرت کر چکے ہیں، لیکن یہ خیال کرنا کہ میں نے کبھی کسی کو ’ہراساں‘ کیا ہے، یا کروں گا، بہت ہی ناقص اور غیر حقیقی ہے‘۔

الزام عائد کرنے والی وان بارنیس ان کی اسسٹنٹ اداکارہ ہیں—فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی
الزام عائد کرنے والی وان بارنیس ان کی اسسٹنٹ اداکارہ ہیں—فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی

خیال رہے کہ ’ٹرانسپیرنٹ‘ میں مخنث کا کردار ادا کرنے والے 73 سالہ اداکار پر ان کی سابق اسسٹنٹ اداکارہ وان بارنیس اور اسی ڈرامے کی ہی دوسری ساتھی اداکارہ ٹریس لائسٹی نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔

ڈرامے میں تینوں اداکار مخنث کا کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہولی وڈ پروڈیوسر پر اداکاراؤں کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام

ان کی اسسٹنٹ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’ان کے باس نے متعدد بار انہیں جسمانی تعلقات استوار کرنے کے لیے دباؤ ڈالا، اور ساتھ ہی یہ دھمکی دی کہ میں خاموش رہوں۔

ٹریس لائسٹی نے الزام عائد کیا تھا کہ جیفری ٹومبر نے متعدد بار ان سے نازیبا گفتگو کی اور کم سے کم ایک بار ان کے جسم کو غلط انداز میں چھوا۔

ٹریس لائسٹی نے بھی ان پر الزام عائد کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ٹریس لائسٹی نے بھی ان پر الزام عائد کیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

اگرچہ اداکار نے الزامات کو مسترد کردیا تھا، تاہم اب انہوں نے اس ڈرامے سے ہی علیحدگی کا اعلان کردیا۔

جیفری ٹومبر کے خلاف جنسی طور ہراساں کرنے کے الزامات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں، جب ہولی وڈ میں متعدد اداکاروں، پروڈیوسرز اور فلم سازوں پر اداکاراؤں و خواتین کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کے الزامات لگائے گئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے ہی معروف اداکار ’سیلویسٹر اسٹالون‘ پر بھی ایک کم عمر خاتون کی جانب سے ’ریپ‘ کے الزامات لگائے گئے تھے، تاہم اداکار نے الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریمبو‘ نے لڑکی کو ہراساں کرنے کے الزامات مسترد کردیے

اس سے پہلے اکتوبر کے آخری ہفتے میں ہولی وڈ ڈائریکٹر و اسکرین رائٹر 72 سالہ جیمز ٹوبیک پر کم سے کم 38 اداکاراؤں و خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

جیمز ٹوبیک نے بھی ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

اس سے قبل اکتوبر کے آغاز میں ہی ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کا اسکینڈل سامنے آٰیا تھا، جس میں کم سے کم 22 اداکاراؤں و خواتین نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

تاہم ہاروی وائنسٹن نے بھی ان الزامات کو مسترد کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024