• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایوانکا ٹرمپ اے آر رحمٰن کے کنسرٹ میں شرکت کریں گی

شائع November 14, 2017
ایوانکا ٹرمپ نومبر کے آخر میں بھارت جائیں گی—فوٹو: اے ایف پی
ایوانکا ٹرمپ نومبر کے آخر میں بھارت جائیں گی—فوٹو: اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی اور وائیٹ ہاؤس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ رواں ماہ بھارتی دورے کے دوران ممکنہ طور پر عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمٰن کے میوزک کنسرٹ میں شرکت کریں گی۔

خیال رہے کہ ایوانکا ٹرمپ بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں رواں ماہ 28 سے 30 نومبر تک ہونے والی ’گلوبل انٹرپرینرشپ سمٹ’ (جی ای ٹی) میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ کرنے جارہی ہیں۔

جی ای ٹی کا انعقاد امریکی و ہندوستانی حکومت کے تعاون سے ہوگا، جس میں دنیا بھر کے کاروباری حضرات، سرمایہ کار اور منتظمین شرکت کریں گے۔

جی ای ٹی کانفرنس حیدرآباد دکن کے انٹرنیشنل کنوینشن سینٹر (ایچ آئی سی سی) میں ہوگی، جس میں کم سے کم 1200 افراد شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایوانکا ٹرمپ پاکستانی کاروباری خاتون سے متاثر
ایوانکا کا پہلا بھارتی دورہ ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایوانکا کا پہلا بھارتی دورہ ہوگا—فائل فوٹو: اے ایف پی

ایوانکا ٹرمپ امریکی وفد کی سربراہی کریں گی، جب کہ وہ کانفرنس میں خواتین کی خودمختاری، ان کی کاروبار میں اہمیت سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو بھی کریں گی۔

رواں برس ہونے والی جی ای ٹی کانفرنس کی تھیم ’سب سے پہلے خواتین، خوشحالی سب کے لیے‘ رکھی گئی ہے۔

تھیم کو نظر میں رکھتے ہوئے کانفرنس میں کاروبار، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں خواتین کی اہمیت و حیثیت پر بات کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ایوانکا ٹرمپ خود بھی ایک کاروباری خاتون ہیں اور وہ دنیا بھر میں کاروباری کانفرنسز میں شرکت کرتی رہتی ہیں۔

یہ پہلا موقع ہوگا کہ ایوانکا ٹرمپ بھارت پہنچیں گی۔

مزید پڑھیں: ایوانکا ٹرمپ وائٹ ہاؤس کی ‘مفت ملازم‘ مقرر

بھارت میں فیشن کے حوالے سے ایوانکا ٹرمپ کے پہلے ہی کافی چرچے رہتے ہیں، تاہم ان کے دورے کے بعد بھارتی نوجوان خواتین میں ان کا فیشن کاپی کرنے کے رجحان میں اضافے کا امکان ہے۔

ایوانکا دنیا بھر میں کاروباری کانفرنسز میں شرکت کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
ایوانکا دنیا بھر میں کاروباری کانفرنسز میں شرکت کرتی رہی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

جی ای ٹی سے 2 دن قبل ہی عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمٰن کا میوزک کنسرٹ بھی حیدرآباد دکن میں ہوگا۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اے آر رحمٰن کو فلم انڈسٹری میں 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ایم ٹی وی کے تعاون سے 26 نومبر کو حیدرآباد دکن میں کنسرٹ منعقد ہوگا۔

اے آر رحمٰن کے فلم انڈسٹری میں 25 سال مکمل ہونے پر بھارت میں کم سے کم 4 میوزک کنسرٹ مختلف شہروں میں منعقد کیے جائیں گے، پہلا کنسرٹ حیدرآباد دکن میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میوزک کنسرٹ کے منتظمین کو امید ہے کہ ایوانکا ٹرمپ اے آر رحمٰن کے میوزک کنسرٹ میں شرکت کریں گی۔

اخبار نے کنسرٹ منتظمین کے ذرائع سے بتایا کہ انہوں نے ایوانکا ٹرمپ کو میوزک کنسرٹ میں شرکت کرنے کے لیے کہا ہے اور امریکی صدر کی بیٹی نے اس حوالے سے دلچسپی بھی ظاہر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایوانکا ٹرمپ پر جوتوں کے ڈیزائن چوری کرنے کا الزام

ایوانکا ٹرمپ کی جانب سے دلچسپی ظاہر کیے جانے کے بعد میوزک کنسرٹ منتظمین کو امید ہے کہ وہ اے آر رحمٰن کی موسیقی سے لطف اندوز ہونے آئیں گی۔

اگر ایوانکا ٹرمپ میوزک کنسرٹ میں شامل ہوئیں تو منتظمین کو ان کی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کرنا ہوں گے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اے آر رحمٰن کے میوزک کنسرٹ میں کم سے کم 30 ہزار شائقین شرکت کریں گے۔

علاوہ ازیں ایوانکا ٹرمپ اپنے بھارتی دورے کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گی۔

اطلاعات کے مطابق نریندر مودی ایوانکا ٹرمپ کے لیے پرتعیش عشائیے کا اہتمام بھی کریں گے۔

ممکنہ طور پر ایوانکا ٹرمپ کے عشائیے میں بولی وڈ ستاروں، اسپورٹس شخصیات اور سیاستدانوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024