ویسٹ انڈیز سے سیریز، احمد شہزاد کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے مسلسل ناقص کارکردگی پر احمد شہزاد کو ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
گزشتہ سال خراب رویے اور فارم کے سبب قومی ٹیم سے ڈراپ کیے گئے احمد شہزاد کی رواں سال قومی ٹیم میں واپسی ہوئی جہاں دورہ ویسٹ انڈیز پر ابتدائی تین ٹی20 میچوں میں ناکامی کے بعد وہ نصف سنچری کی بدولت ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
ورلڈ الیون کے خلاف تینوں میچوں میں انہوں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ان کے اسٹرائیک ریٹ پر مستقل سوالیہ نشان لگا رہا تاہم سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں وہ مکمل ناکام رہے اور کوئی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔
مستقل ناقص کارکردگی اور کم تر اسٹرائیک ریٹ کے سبب سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے احمد شہزاد کو منتخب نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی جگہ عمرامین کو موقع دیا جائےگا۔
پی سی بی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم میں مزید نوجوان کھلاڑیوں کومزید مواقع دینے کےحق میں ہے اور اسی لیے آئندہ سیریز میں آل راؤنڈر عامر یامین اور محمد نواز کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم بھی احمد شہزاد کوریلیز کرچکی ہے اور ذرائع کے مطابق لیگ کے آئندہ ایڈیشن کیلئے کوئی بھی ٹیم انہیں منتخب کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی اور لیگ میں اگر کوئی بھی ٹیم انہیں منتخب نہیں کرتی تو ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ سکتا ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں