پریتی زنٹا کو دینا واڈیا کے انتقال پر افسوس
بولی وڈ اداکارہ پریتی زنٹا ایک وقت میں قائد اعظم محمد علی جناح کے پر نواسے نیس واڈیا کی خاص دوست تھیں، اور یہی وجہ ہے کہ انہیں نیس واڈیا کی دادی دینا واڈیا سے بھی ملنے کا موقع ملا جن کا انتقال آج نیویارک میں اپنے گھر پر ہوا، وہ 98 برس کی تھیں۔
دینا واڈیا کے انتقال پر اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پریتی زنٹا نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انہیں دینا کے انتقال کا بےحد افسوس ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ ان کی ملاقات دینا سے ہوئی، وہ دینا سے بےحد متاثر تھیں۔
خیال رہے کہ نیس واڈیا پریتی زنٹا کے سابق بوائے فرینڈ تھے، تاہم 4 سال تک ساتھ رہنے کے بعد ان دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس کے بعد پریتی نے نیس واڈیا پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا تھا۔
مزید پڑھیں: قائداعظم کی بیٹی دینا واڈیا چل بسیں
اس کے باوجود پریتی زنٹا نے نیس واڈیا کی دادی دینا واڈیا کے ساتھ گزارے لمحات کو خوشگوار قرار دیا۔
پریتی نے ٹائمز آف انڈیا کو دیے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’میں جب پہلی بار دینا سے ملی، تو میں نے انہیں بہت حیران ہوکر دیکھا، وہ بےحد متاثر کن خاتون تھیں‘۔
خیال رہے کہ دینا واڈیا کی پیدائش 14 اور 15 اگست 1919 کی درمیانی شب میں ہوئی تھی اور قائداعظم نے اپنی بیوی رتن بائی سے علیحدگی اور پھر انتقال کے بعد بیٹی کی پرورش کی۔
یہ بھی پڑھیں: پریتی کا سابق بوائے فرینڈ کے خلاف مقدمہ
قائداعظم کو اپنی بیٹی سے بہت زیادہ محبت تھی مگر باپ بیٹی کا تعلق اس وقت متاثر ہوا جب دینا نے ایک پارسی شخص نیویلے واڈیا سے سترہ سال کی عمر میں شادی کرلی۔
دینا اور نیویلے ممبئی میں رہائش پذیر رہے اور جب اس جوڑے کی طلاق ہوئی تو ان کے دو بچے تھے، بعد ازاں وہ بیٹے کے ساتھ نیویارک منتقل ہوگئیں۔