• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

باکسر عامر خان بھی پاک سری لنکا میچ دیکھنے کیلئے لاہور پہنچ گئے

شائع October 29, 2017

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی میچ دیکھنے کے لیے لاہور پہنچ گئے۔

عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان پاک سری لنکا ٹیم کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کا آخری میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں دیکھیں گے۔

مزید پڑھیں: پاک-سری لنکا ٹی ٹوئنٹی کیلئے سیکیورٹی کے انتظامات

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر عامر خان نے بھی سری لنکن ٹیم کی لاہور آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم کا پاکستان آنا بہت خوشی کا لمحہ ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد پر ملک میں کرکٹ کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

کوئی ملک دہشتگردی سے محفوظ نہیں، جاوید میانداد

دوسری جانب سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کے عظیم بیٹسمین جاوید میانداد نے کہا کہ لنکن ٹیم کی لاہور آمد پاکستان کرکٹ کے لیے ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ لاہور میں پاک سری لنکا میچ سے دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو کامیابی کے ساتھ ختم کردیا ہے کیونکہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آچکی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل اور پاکستان اور آئی سی سی ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی پر مشتمل سیریز کے دوران بھی لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد نے یہ بتادیا ہے کہ پاکستانی عوام اپنی سرزمین پر بین الاقوامی کرکٹ دیکھنے کے لیے کتنے بیتاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرا ٹی 20: فہیم اشرف کی شاندار ہیٹ ٹرک

عالمی دہشت گردی پر بات کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک دہشت گردی کی لعنت سے محفوظ نہیں ہے اور جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے یہاں پر سیکیورٹی کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے۔

جاوید میانداد نے بین الاقوامی ٹیموں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان آئیں کیونکہ پاکستان ایک پُر امن ملک ہے اور یہاں کے عوام کھیلوں سے محبت کرتے ہیں اور انسانیت کی عزت کرتے ہیں۔

ادھر سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس نے بھی سری لنکن ٹیم کی لاہور آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی ان کوششوں کو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024