• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستانی ہائی کمشنر، بھارتی وزیرخارجہ کی ملاقات: رپورٹس

شائع October 21, 2017

نئی دہلی: ہندوستان میں تعینات نئے پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود نے بھارتی وزیرخارجہ سشما سوراج سے ملاقات کی، جس کے دوران ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں سمیت سرحد پار دہشت گردی کے معاملات زیر بحث آئے۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ہونے والی اس اعلیٰ سطح کی ملاقات میں بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستانی سفیر پر زور دیا کہ وہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پر نظرثانی کرے، جسے بھارت نے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) میں چیلنج کر رکھا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت چاہتی ہے کہ کلبھوشن یادیو کے خلاف تمام الزمات ختم کرکے اسے ہندوستان واپس بھیج دیا جائے، تاکہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت ہوسکے۔

مزید پڑھیں: بھارتی صحافی نے کلبھوشن یادیو سے متعلق اہم سوالات اٹھادیئے

رپورٹ کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود کی ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دووال اور سیکریٹری خارجہ سبرامنیام جے شنکر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

تاہم پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے ابھی تک مذکورہ ملاقات کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

سہیل محمود نے رواں برس اگست میں عبدالباسط کی ریٹائرمنٹ کے بعد ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمشنر کی حیثیت سے چارج سنبھالا تھا۔

پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں گذشتہ برس ستمبر میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے۔

حال ہی میں ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72ویں اجلاس کے دوران بھی دونوں ملکوں کے درمیان لفطی جنگ دیکھنے میں آئی، جب سشما سوراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو 'دہشت گرد' دیے ہیں جبکہ بھارت نے اعلیٰ پائے کے ڈاکٹر اور انجینئرز دیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024