ایل او سی: غیرمعمولی طور پر 12 گھنٹوں کے اندر خاتون کی میت سرحد پار منتقل
مظفرآباد: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے دونوں جانب موجود سویلین اور فوجی حکام نے، غیر معمولی طور پر ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک خاتون کی موت کے 12 گھنٹوں کے اندر اندر ان کی میت آزاد جموں و کشمیر سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر منتقل کردی۔
سلیمہ بی بی، اپنے شوہر غلام حسن پنڈٹ کے ہمراہ رواں ماہ 2 اکتوبر کو اپنے بہنوئی خواجہ محمد یوسف زرگر کی وفات پر تعزیت کے لیے چکوٹھی-اڑی سیکٹر کے ذریعے مظفرآباد آئی تھیں۔
مذکورہ جوڑے نے پیر 16 اکتوبر کو سوپور میں واقع اپنے گھر واپسی کا ارادہ کیا، لیکن لائن آف کنٹرول کے اُس پار دیوالی کی چھٹیوں کے باعث تجارتی اور سفری سرگرمیوں کی معطلی کی وجہ سے انہیں انتظار کرنا پڑا۔
بدھ (18 اکتوبر) کو سلیمہ بیگم کو ہاتھ میں درد اٹھا اور انہیں مظفرآباد کے شیخ خلیفہ بن زید النیہان ہسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں دل کے شدید دورے کے باعث وی جمعرات (19 اکتوبر) کی صبح انتقال کر گئیں۔
اس طرح کے کیسز میں عموماً میت کی دوسری جانب منتقلی میں ضروری کارروائیوں کے باعث 24 سے 48 گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایل او سی: بھارتی فائرنگ سے پاکستانی معمر خاتون ہلاک
تاہم مرحومہ کے بھانجے خواجہ عامر زرگر کے بقول سلیمہ بیگم کی میت کی منتقلی ان کے انتقال کے 12 گھنٹوں کے اندر اندر ہوگئی، جس کے لیے دونوں طرف کے حکام سے خصوصی اجازت لی گئی۔
انہوں نے ڈان کو بتایا، 'ہم نے یہاں حکام سے رابطہ کیا اور ہمارا خیال تھا کہ یہ کام جمعے تک ہوگا، لیکن ان کی ہمدردی اور خصوصی دلچسپی کی وجہ سے ہم جمعرات کو سہ پہر 3 بجے ہی میت کو منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے'۔
خواجہ عامر زرگر نے ریٹائرڈ بریگیڈیئر فاروق میر، مظفرآباد کے ڈپٹی کمشنر مسعود الرحمٰن اور ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کے حکام کرنل محمد شاہد اور ریٹائرڈ میجر طاہر کاظمی کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایل او سی: 'حوصلہ چھوڑ دیتا تو کچھ بھی نہ بچتا'
انہوں نے بتایا کہ ان افراد نے سرحد کی دوسری جانب ہاٹ لائن کے ذریعے متعلقہ حکام سے رابطہ کیا اور وہاں سے مثبت جواب موصول ہونے کے بعد انہیں کہا گیا کہ وہ چکوٹھی-اڑی کراسنگ پوائنٹ پر کمان برج پر میت کو لے آئیں۔
جس کے بعد عامر زرگر اپنے خاندان کے 3 افراد کے میت کو کمان برج تک لائے، جہاں ایمبولینس کے ذریعے سلیمہ بیگم کی میت کو سرحد کی دوسری جانب منتقل کرتے وقت کافی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
سلیمہ بیگم کو جمعرات کی رات ساڑھے 8 بجے مقبوضہ کشمیر میں واقع ان کے آبائی گاؤں چنکی پورہ میں سپردخاک کردیا گیا۔
یہ خبر 20 اکتوبر 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی