• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

تبو نے اجے دیوگن کے ساتھ فلمیں کرنے کی وجہ بتادی

شائع October 19, 2017

اپنی آنے والی فلم ’گول مال اگین‘ کی تشہیر میں مصروف اداکارہ تبو نے ایک بار پھر اپنے اور ایکشن ہیرو اجے دیوگن کے دیرینہ تعلقات کے بارے میں بات کی ہے۔

تبو نے ایک بار پھر میڈیا کو اجے دیوگن کے ساتھ فلموں میں کام کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے ایکشن ہیرو کو بچپن کا دوست قرار دیا۔

تبو کا کہنا تھا کہ وہ اجے دیوگن کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے اس لیے انکار نہیں کرسکتی کیوں کہ وہ سپر اسٹار ایکشن ہیرو کے ساتھ مساوی بنیادوں پر کام کرتی ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) سے بات کرتے ہوئے تبو نے وضاحت کی کہ وہ اور اجے دیوگن بچپن کے دوست ہیں، اور ان کے ساتھ فلم میں کام کرنے کا انہیں ڈبل فائدہ ہوتا ہے، جس وجہ سے وہ ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار نہیں کرسکتیں۔

اداکارہ نے ڈبل فائدے کی وضاحت نہیں کی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اجے دیوگن کے ساتھ مساوی بنیادوں پر کام کرتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر اجے دیوگن انہیں بطور ہدایت کار یا پروڈیوسر کسی فلم یا کردار کے لیے پیش کش کرتے ہیں تو وہ ان سے انکار نہیں کرسکتیں۔

خیال رہے کہ اجے دیوگن اور تبو نے گول مال اگین سے قبل ’وجے پتھ، حقیقت، تکشک اوردرشیام‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تبو کی 17سال بعد کامیڈی فلم

اپنے حالیہ بیان سے قبل بھی تبو اجے دیوگن کو مختلف وقتوں میں اپنا بہترین اور بچپن کا دوست قرار دے چکی ہیں، گول مال اگین کی تشہیر کے دوران ہی گزشتہ ہفتے انہوں نے اجے دیوگن سے اپنے خاص رشتے کا ذکر کیا تھا، تاہم انہوں نے اس کی وضاحت نہیں کی تھی۔

اس سے پہلے بھی وہ یہ بیان دے چکی ہیں کہ آج تک ان کی شادی نہ ہونے کی وجہ بھی اجے دیوگن ہی ہیں، کیوں کہ جب وہ دونوں جوان تھے تو ایکشن ہیرو ان سے محبت کرتے تھے، لیکن بعد میں انہوں نے ادکارہ کاجول سے شادی کرلی۔

اداکارہ تبو نے تاحال شادی نہیں کی۔

تبو کے ایسے بیانات پر آج تک اجے دیوگن کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا، جب کہ آج کل دونوں ایک ساتھ فلم ’گول مال اگین‘ کی تشہیر کرتے نظر آتے ہیں۔

مزید پڑھیں: تبو اور اجے دیوگن ایک بار پھر ساتھ

پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے تبو نے یہ بھی بتایا کہ گول مال اگین کے بعد اجے دیوگن اور وہ ہدایت کار لو رنجن کی فلم میں ایک ساتھ کام کرتے نظر آئیں گے۔

خبریں ہیں کہ لو رنجن بھی رومانٹک کامیڈی فلم بنانے جا رہے ہیں، جسے ممکنہ طور پر آئندہ برس ریلیز کیا جائے گا، اجے دیوگن اور تبو اس فلم کا حصہ ہوں گے۔

واضح رہے کہ تبو اور اجے دیوگن کی کامیڈی ایکشن فلم ’گول مال اگین‘ 20 اکتوبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبو پہلی بار اس کامیڈی ایکشن فلم سیریز کا حصہ بنی ہیں، وہ زیادہ تر سنجیدہ کرداروں میں نظر آتی ہیں، آخری بار بھی وہ اجے دیوگن کے ساتھ آنے والی فلم ’درشیام‘ میں ایک پولیس انسپکٹر کے سنجیدہ کردار میں نظر آئیں تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024