• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

صدام حسین کے قتل کی حمایت حاصل کرنے کے معاملے پرفلم

شائع October 19, 2017
صدام حسین کو 30 دسمبر 2006 کو پھانسی دی گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
صدام حسین کو 30 دسمبر 2006 کو پھانسی دی گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

ہولی وڈ کی پروڈکشن کمپنیاں ’ہائیڈ پارک‘ اور ’رویلیشنز‘ انٹرٹینمنٹ نے عراق کے سابق صدر صدام حسین کو امریکا کی جانب سے قتل کرنے کے لیے عالمی برادری کی حمایت حاصل کرنے والے معاملے پر فلم بنانے کا اعلان کردیا۔

خیال رہے کہ امریکی حکومت کی جانب سے نائن الیون حملوں کے بعد جہاں افغانستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا جواز بنا کر اس پر حملہ کیا گیا، اسی طرح 2003 میں عراق پر بھی جوہری ہتھیار بنانے کے الزام پر حملہ کیا گیا تھا۔

اس وقت کے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش کے ماتحت امریکا کے 65 ویں سیکریٹری خارجہ کولن پاول نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں ایک خطاب کے دوران کہا کہ خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق عراق جوہری ہتھیار بنا رہا ہے۔

کولن پاول نے عراق کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کو جواز بنا کر بغداد پر حملہ کرنے اور صدر صدام حسین کو قتل کرنے کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا تھا۔

کولن پاول 2001 سے 2005 تک امریکی وزیر خارجہ رہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
کولن پاول 2001 سے 2005 تک امریکی وزیر خارجہ رہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

بعد ازاں کولن پاول نے خود ہی اقوام متحدہ میں 2003 میں کیے گئے اپنے خطاب کو اپنی سب سے بڑی سیاسی غلطی قرار دیا تھا، جب کہ بعد کی تحقیقاتی رپورٹس میں یہ باتیں بھی سامنے آئیں کہ عراق پر جوہری ہتھیار بنانے کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔

عراق حملے اور صدام حسین کے قتل پر نہ صرف امریکی بلکہ برطانوی حکام جن میں سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر بھی شامل ہیں، دنیا سے معافی مانگ چکے ہیں۔

صدر صدام حسین کو گرفتار کرکے کئی ماہ قید میں رکھنے کے بعد 30 دسمبر 2006 کو پھانسی دے دی گئی تھی۔

اب کولن پاول کی 2003 کی اقوام متحدہ میں کی جانے والی اس تقریر پر فلم بنائی جائے گی، جس میں کولن پاول کا کردار معروف اداکارمورگن فری مین کرتے نظر آئیں گے۔

ورائٹی کے مطابق ہائیڈ پارک اور رویلیشن انٹرٹینمینٹ کے بینر تلے بننے والی اس فلم کی ہدایات رگینلڈ ہڈلن دیں گے، جب کہ اسے اشوک امرت راج اور لوری مک گیری پروڈیوس کریں گے۔

فلم کی کہانی امریکی لکھاری ای ڈی وائٹ ورتھ کے لکھے گئے اسکرین پلے ’پاول‘ سے لی جائے گی، جسے 2011 میں بلیک لسٹ کیا گیا تھا۔

مورگن فری مین پہلے بھی سچے کردار ادا کرچکے—فائل فوٹو: اے ایف پی
مورگن فری مین پہلے بھی سچے کردار ادا کرچکے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ای ڈی وائٹ ورتھ کے ’پاول‘ کی کہانی سابق امریکی وزیر خارجہ کولن پاول کی 2003 میں اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر اور صدام حسین کے قتل کے گرد گھومتی ہے۔

ابھی یہ طے نہیں ہے کہ فلم کو کس نام سے بنایا جائے گا، اور نہ ہی فلم کی دیگر کاسٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔

فلم کی ٹیم کی جانب سے شوٹنگ اور ریلیز کا اعلان بھی نہیں کیا گیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ برس کی پہلی سہ ماہی میں اس کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی۔

خیال رہے کہ کولن پاول نہ صرف 65 ویں امریکی سیکریٹری خارجہ تھے، بلکہ وہ امریکی فوج کے اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز رہے۔

کولن پاول وہ پہلے افریقی نژاد امریکی تھے، جو ان عہدوں پر فائز ہوئے۔

عراق کے سابق صدر صدام حسین کے قتل اور بغداد پر حملے سمیت 2001 سے 2005 تک دنیا بھرمیں کی جانے والی امریکی کارروائیوں میں کولن پاول کا کردار اہم رہا ہے۔

فلم میں ان کے وزیر خارجہ کے دورانیے اور ان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی ہائی لائیٹ کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024