مریم نواز کی شہباز شریف، حمزہ شہباز سے ملاقات
لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ماڈل ٹاؤن کی رہائش گاہ پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی۔
ملاقات میں شہباز شریف کے بیٹے حمزہ شہباز اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر بھی موجود تھے۔
مریم نواز اور شہباز شریف کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاست پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اداروں کے درمیان معاملات بہتر سے بہتر انداز میں چلنے چاہیے کیونکہ پاکستان کسی بھی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی خدمت زیادہ سے زیادہ اچھے انداز میں کرنی ہے اور مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔
بعد ازاں مریم نواز نے ملاقات سے متعلق ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’چچا کے گھر شام کی شاندار چائے پی، لیکن یہ دیکھ کر حیرانی ہوئی کہ میڈیا نے ملاقات کو منفی انداز میں پیش کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’معاملے کو تنگ گلی میں دھکیلنے والے ہمیشہ ناکام رہیں گے۔‘
واضح رہے کہ نواز شریف کی جانب سے این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لیے اپنے بھائی کی جگہ اہلیہ کلثوم نواز کو امیدوار نامزد کرنے کے بعد سے شریف برادران اور ان کے خاندانوں کے درمیان دراڑ کی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔
ان افواہوں کو اس وقت تقویت ملی جب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے نااہلی کے بعد جی ٹی روڈ سے ریلی نکالنے پر نواز شریف کو ٹویٹر پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
این اے 120 کی انتخابی مہم کے دوران حمزہ شہباز کی غیر حاضری کو بھی نوٹس کیا گیا اور وہ تقریباً ایک ماہ کے لیے اہلخانہ کے ہمراہ لندن چلے گئے۔
تاہم مریم نواز نے ان افواہوں کو ہمیشہ مسترد کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ پورا شریف خاندان ان کی والدہ کی انتخابی مہم کے پیچھے کھڑا تھا۔