• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خونی انقلاب سےبچنے کیلئے اورنج انقلاب لانا ہوگا، شہبازشریف

شائع October 8, 2017

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور میں اورنج ٹرین منصوبے کے سلسلے میں بوگیوں کی پہلی کھیپ کی آمد کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خونی انقلاب سے بچنے کے لیے اورنج انقلاب لانا ہوگا۔

لاہور میں اورنج لائن کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن منصوبہ سیاسی کیریرمیں خواب کی حیثیت رکھتا ہے اور اگر اورنج لائن جیسے منصوبوں کی مخالفت کی گئی توپھرخونی انقلاب آئے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اورنج لائن جیسے منصوبے تعلیم، علاج ومعالجے اور دکھی انسانیت کی مدد کے لیے بنانے ہوں گے، جب تک اس قوم کے اندر غربت اور امارت کی لکیر کو کم نہیں کیا تو یوکرین جیسا اورنج انقلاب آئے گا۔

مزید پڑھیں:لاہور میٹرو ٹرین منصوبے کی منظوری

انھوں نے ماضی میں میٹرو بس کی مخالفت کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیازی خان اوران کے نیازمندوں نے اسے جنگلہ بس سروس کہا تھا پھر خود پشاور میں میٹرو بس منصوبے کااعلان کیا۔

—فوٹو:آن لائن
—فوٹو:آن لائن

شہباز شریف نے کہا کہ پشاور میں میٹرو کااعلان ہوئے چار سال گزرگئے لیکن کوئی کام نہیں ہوا، لاہور میں گرین لائن میٹرو 30ارب میں بنی جبکہ پشاور میٹرو کا منصوبہ 44 ارب کا ہے۔

چین سے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہونے والے معاہدوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ساہیوال کول پروجیکٹ کومکمل کرانے کے لیے چینی کمپنیوں کے زعما کے گھٹنوں کوہاتھ لگایا۔

وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اگر مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو نقشہ تبدیل کر دیتے۔

اورنج ٹرین منصوبے پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے میں 70 ارب روپے بچائے گئے تاہم یہ منصوبہ 25 دسمبر2017 میں شروع نہیں کیا جا سکتا۔

سیاسی حریفوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ کس نے اورنج لائن کی مخالفت کی اور قوم اورنج لائن کے مخالفین سے آئندہ انتخابات میں حساب لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانےوالے اورنج لائن کی مخالفت کررہے ہیں حالانکہ اورنج لائن صرف ایک شہر کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کامنصوبہ ہے۔

—فوٹو:آن لائن
—فوٹو:آن لائن

یہ بھی پڑھیں:اورنج لائن منصوبے میں کرپشن پر 2 افسران گرفتار

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس منصوبے سے ڈھائی لاکھ لوگ مستفید ہوں گے، لاکھوں لوگوں کو روزانہ بلاتاخیر شاندارطریقے سے منزل مقصود تک پہنچایا جائےگا۔

انھوں نے کہا کہ :میٹرو ٹرین پہلا منصوبہ ہے جس پر پورے پاکستان کی نظریں لگی ہیں، یہ چین کا نہ صرف اہل لاہور بلکہ اہل پاکستان کے لیے بہت بڑا تحفہ ہے۔

انھوں ںے کہا کہ تخریبی سوچ اوردھرنوں سے پاکستان آگے نہیں جائے گا، عوام ملکی ترقی کے مخالفین کوپہچان چکے ہیں، مخالفین روڑے اٹکاتےرہیں گے لیکن ملکی ترقی جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں:اورنج ٹرین منصوبہ: کیا سپریم کورٹ تاریخی ورثہ بچائے گی؟

عوامی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کوسبسڈی دی جاتی ہے۔

شہباز شریف نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام مخالفین کو پہچانیں، مخالفین نے آپ سے خوش حالی کا سفر چھینا ہے اورسیاسی مخالفین اورنج لائن ٹرین کو چلنے نہیں دینا چاہتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت اورنج لائن ٹرین پر جو بھی فیصلہ دے عمل کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024