سام سنگ فون میں اصل بیٹری استعمال نہ کرنا خطرناک
ایک اور سام سنگ فون اچانک دھماکے سے پھٹ گیا مگر اس بار لگتا ہے کہ اس میں جنوبی کورین کمپنی کی کوئی غلطی نہیں تھی۔
یہ واقعہ انڈونیشاءمیں پیش آیا اور ایک شخص کی قمیض کی جیب میں رکھا فون اچانک پھٹا اور کپڑے میں آگ لگ گئی۔
یہ فون سام سنگ گرینڈ ڈویوس ماڈل تھا جو 2013 میں ریلیز کیا گیا تھا۔
اس واقعے کو ایک انڈونیشین ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمرے نے محفوظ کرلیا تھا جو آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اصلی سام سنگ فون کی شناخت کیسے کریں؟
اس واقعے مین وہ شخص معمولی زخمی ہوا اور مقامی پولیس کے مطابق وائی فائی، جی پی ایس اور بلیوٹوتھ کے فیچرز بیک وقت استعمال کرنا ممکنہ طور پر اس کی وجہ بنا۔
تاہم سام سنگ کے ترجمان نے دوسری وجہ بتائی۔
ترجمان کے مطابق ' تحقیقات کے ذریعے ہم نے دریافت کیا کہ اس ڈیوائس میں استعمال کی جانے والی بیٹری سام سنگ کی تیار کردہ نہیں تھی اور نہ ہی کسی ایسی کمپنی جسے سام سنگ نے اختیار دے رکھا ہو'۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے صارف کی ریکوری کی خواہش کرتے ہیں اور تمام صارفین کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ سام سنگ کی اصلی یا منظور کردہ بیٹریوں کو ہی اپنے فونز میں استعمال کریں، جنھیں خاص طور پر سام سنگ پراڈکٹس کے لیے ہی تیار کیا جاتا ہے۔
ویسے یہ پہلا موقع نہیں جب سام سنگ کو ایسی مشکل کا سامنا ہوا۔
اس سے قبل گزشتہ سال گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹریاں پھٹنے کے متعدد واقعات سامنے آئے تھے، جس پر کمپنی نے پہلے تو متاثرہ صارفین کی ڈیوائسز کو بدل دیا۔
مزید پڑھیں : سام سنگ گلیکسی نوٹ 7 ختم کرنے کا اعلان
مگر جب بھی مسئلہ برقرار رہا تو اس فون کو ہی ختم کردیا گیا اور اس کی وجہ بیٹریاں ہی بنی تھیں جن کو گلیکسی ایس ایٹ اور گلیکسی نوٹ ایٹ میں بدلا گیا۔