• KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:58pm
  • LHR: Asr 4:42pm Maghrib 6:37pm
  • ISB: Asr 4:49pm Maghrib 6:45pm
  • KHI: Asr 5:05pm Maghrib 6:58pm
  • LHR: Asr 4:42pm Maghrib 6:37pm
  • ISB: Asr 4:49pm Maghrib 6:45pm
شائع October 5, 2017 اپ ڈیٹ October 6, 2017

پاکستان کی رونگٹے کھڑے کردینے والی ڈراؤنی فلمیں

میمونہ رضا نقوی



ڈراؤنی فلمیں دیکھنے کا رجحان دنیا بھر میں بڑھتا جارہا ہے، ہولی وڈ انڈسٹری تو طویل عرصے سے دلچسپ اور نئے موضوعات پر ہارر فلمیں بنارہی ہے، ان کی دیکھا دیکھی بولی وڈ میں بھی کئی ہارر فلمیں سامنے آئیں، لیکن پاکستانی انڈسٹری بھی اس انداز کی فلمیں بنانے میں کچھ پیچھے نہیں۔

ویسے تو پاکستانی فلم انڈسٹری میں بہت زیادہ ہارر فلمیں نہیں بنائیں گئی لیکن پھر بھی آہستہ آہستہ لولی وڈ میں ڈراؤنی فلمیں بنانا کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

جہاں پاکستانی فلم انڈسٹری تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے، وہیں یقیناً فلم ساز زیادہ سے زیادہ ہارر فلمیں بنانے کے حوالے سے بھی سوچنا شروع کریں گے کیوں کہ یقیناً آج کی نسل کو رومانوی فلموں سے زیادہ ہارر فلمیں دیکھنے کا شوق ہے۔

ایک اندازے کے مطابق اب تک پاکستانی فلم سینما میں 8 ہارر فلمیں بنائی جاچکی ہیں، تاہم کسی بھی فلم انڈسٹری کے لیے ہارر فلموں کی یہ تعداد کافی کم ہے۔

سیاہ

2013 میں ریلیز ہونے والی فلم ’سیاہ‘ کی کہانی عثمان خالد بٹ نے تحریر کی، جس کی ہدایات اظفر جعفری نے دی تھی۔

اس فلم میں حریم فاروق، قاضی جبار، ماہ نور عثمان اور احمد علی اکبر نے اہم کردار ادا کیے۔

فلم کی کہانی ایک ایسی بچی کے گرد گھومتی ہے جس پر کسی بلا کا سایا ہوتا ہے۔

فلم نے باکس آفس پر قریبا 3 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جب کہ اس کی کہانی کو ملا جلا ردعمل موصول ہوا۔

مایا

فلم ’مایا‘ 2015 میں دنیا بھر میں ریلیز ہوئی، جسے تجزیہ کاروں کا مثبت ردعمل موصول ہوا۔

اس فلم کی ہدایات جواد بشیر نے دی، جبکہ پروڈکشن حنا جواد نے کی تھی۔

فلم میں احمد عبدل رحمٰن، حنا جواد، زین افضل، شیخ محمد احمد اور انعم ملک نے اہم کردار ادا کیے۔

حنا جواد نے فلم میں مایا نام کی لڑکی کا کردار ادا کیا، جبکہ اس کی کہانی ڈینمارک میں ہوئے ایک ڈراؤنے واقع پر مبنی ہے۔

عکس بند

2016 میں ہم ٹی وی کی جانب سے پیش کردہ فلم ’عکس بند‘ 6 دوستوں کی کہانی پر مبنی تھی، جس میں وہ لاڑکانہ میں ایک ٹرپ کے لیے پہنچتے ہیں، جبکہ وہاں ان کے ساتھ ڈراؤنے واقعات ہونا شروع ہوجاتے ہیں۔

اس فلم کی مکمل شوٹنگ تو پاکستان میں ہوئی جبکہ ساؤنڈ مکسنگ اور ریکارڈنگ ہندوستان میں کی گئی تھی۔

فلم میں ایاز سموں، سعود امتیاز، دانیال افضل، بلال یوسف زئی، شہزین راحت، ماہ رخ رضوی اور ارشد علی نے کام کیا۔

’عکس بند‘ کی ہدایات عمران حسین نے دی تھی، جسے زیادہ تر تجزیہ کاروں کا منفی ردعمل موصول ہوا۔

ذبح خانہ

فلم ذبح خانہ 2007 میں ریلیز ہوئی، جس کی ہدایات عمر علی خان نے دی۔

اس فلم کی کہانی ایک روڈ ٹرپ پر مبنی ہے، جس میں چند دوست عجیب و غریب واقعات کا سامنا کرتے ہیں، یہ تمام ایک دوسرے سے بالکل برعکس تھے۔

اس فلم کو دنیا بھر میں کئی فلم فیسٹیولز میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جبکہ برازیل اور ٹیکساس میں ہونے والے فلم فیسٹیولز میں اسے ایوارڈ بھی ملا۔

تجزیہ کاروں نے اپنے ریویوز میں فلم کے ہدایت کار کی بہت زیادہ تعریف بھی کی۔ اس فلم کی شوٹنگ 30 دن میں مکمل ہوئی۔

ہوٹل

پاکستانی اداکارہ میرا فلم ’ہوٹل‘ کے ساتھ پہلی مرتبہ کسی ہارر فلم میں کام کرتی نظر آئیں، یہ 2016 میں ریلیز ہوئی، جسے تجزیہ کاروں کا ملا جلا ردعمل موضول ہوا۔

اس فلم کی کہانی ایک ہندوستانی لڑکی کاشیکا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے جو ایک ہوٹل میں رہ رہی تھی، جہاں اس کی ملاقات اپنی اس بہن سے ہوئی جو کبھی پیدا ہی نہیں ہوئی تھی، جس کے بعد عجیب واقعات پیش آنے لگے۔

اس فلم میں میرا کے ساتھ انیس راجا، نسرین جان، بیلا ناز اور طارق جمال نے اہم کردار ادا کیے۔

فلم کی ہدایات خالد حسن خان نے دی تھی۔

ان فلموں کے علاوہ ماضی میں پاکستان کی تین اور ہارر فلمیں زندہ لاش، شانی اور بلی بھی ریلیز ہوئیں۔

اس وقت ایک اور پاکستانی فلم ’پری‘ پر کام جاری ہے، جو رواں سال 3 نومبر کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Neelofer Oct 05, 2017 03:39pm
These movies must be watched. Interesting!