• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

سابق کپتان مصباح الحق کا قومی ٹیم کو مشورہ

شائع October 4, 2017

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور قومی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کو بھلا کر دوسرے ٹیسٹ میں جیت کے جذبہ سے میدان میں اترنا ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بلے بازوں کو بہتر کارکردگی کیلئے سری لنکن باؤلر رنگنا ہیراتھ کے خلاف جارحانہ انداز اپنانا ہوگا بصورت دیگر پھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مصباح الحق نے سری لنکا کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ضروری نہیں کہ پہلے ہی میچ میں نئی ٹیم کے ساتھ حکمت عملی کامیاب ہو اور ٹیم کے باصلاحیت نوجوانوں میں بہتر کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف پہلی اننگز میں اوپنرز نے اچھی بیٹنگ کی تاہم یونس خان اور میری غیر موجودگی میں مڈل آرڈر میں تھوڑا خلا ضرور ہے، جو وقت گزرنے کے ساتھ پر ہو جائے گا۔

سابق کپتان نے اسد شفیق اور اظہر علی کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کو بھی درست قرار دیتے ہوئے میچ میں یاسر شاہ اور محمد عباس کی باؤلنگ کی تعریف کی۔

یاد رہے کہ ابوظہبی میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن ناتجربہ کار بیٹنگ لائن رنگنا ہیراتھ کی تباہ کن باؤلنگ تاب نہ لاتے ہوئے 114 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی تھی۔

سری لنکا کو دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے اور سیریز کا دوسرا میچ جمعے سے دبئی میں کھیلا جائے گا جو ڈے نائٹ میچ ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024