• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاک فوج پر’ادارہ جاتی کرپشن‘کا تبصرہ:جیو نیوز کو 10لاکھ کا جرمانہ

شائع October 3, 2017

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے افواجِ پاکستان پر ’ادارہ جاتی کرپشن‘ کا تبصرہ کرنے پر نجی ٹی وی چینل ’جیو نیوز‘ پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

پیمرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اتھارٹی کا 134واں اجلاس چیئرمین ابصار عالم کی زیر صدارت پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں ’جیو نیوز‘ کو افواجِ پاکستان پر ’ادارہ جاتی کرپشن‘ کا تبصرہ کرنے پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔

مذکورہ ٹی وی چینل کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں بالترتیب مورخہ 9، 17، 24 اور 25 جنوری 2017 کو افواج پاکستان پر ادارہ جاتی کرپشن کی گفتگو کی گئی تھی اور عوام کی بڑی تعداد نے ریگولیٹر سے مذکورہ پروگرام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں پیمرا شکایات کونسلز کراچی اور لاہور نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ٹی وی چینل پر 10 لاکھ روپے جرمانے کی سفارش کی تھی۔

واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام میں میزبانی کے فرائض منیب فاروق انجام دیتے ہیں جبکہ افواج پاکستان پر ادارہ جاتی کرپشن کی گفتگو کے وقت نجم سیٹھی بطور سینئر صحافی و تجزیہ کار پروگرام میں موجود تھے۔

تاہم انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پروگرام سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

پیمرا کے اجلاس میں نجی ٹی وی چینل ’اسٹار لائٹ‘ پر 13 جون 2017 کو بیہودہ گانا نشر ہونے پر، پیمرا ذاتی شنوائی کمیٹی کی طرف سے چینل کی نشریات 7 روز کے لیے معطل کرنے کی سفارش کی بھی منظوری دی گئی۔

اتھارٹی نے ماہانہ کیبل ٹی وی فیس میں ایک روپیہ اضافے کی تجویز کی بھی منظوری دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024