’سیکریٹ سُپراسٹار، دنگل سے بڑی فلم ہوگی‘
بولی وڈ میں مسٹر پرفیکٹشنسٹ کے نام سے مشہور اداکار عامر خان کا کہنا ہے کہ ان کی اگلی فلم ’سیکریٹ سُپراسٹار‘ گزشتہ سال ریلیز ہوئی اور دنیا بھر میں کامیاب ہونے والی فلم ’دنگل‘ سے زیادہ بڑی ہوگی۔
52 سالہ عامر خان فلم ’سیکرٹ سُپر اسٹار‘ میں ایک میوزک پروڈیوسر کا کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ فلم ’دنگل‘ سے ڈیبیو کرنے والی زارہ وسیم اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
مزید پڑھیں: ’سیکرٹ سُپراسٹار‘ ٹریلر: سخت باپ اور گلوکارہ بننے کا خواب
زارہ وسیم فلم میں مسلم گھرانے سے تعلق رکھنے والی ایک ایسی لڑکی ہے جو گلوکارہ بننا چاہتی ہے تاہم والد کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے باعث وہ اپنا چہرہ چھپا کر انٹرنیٹ پر ویڈیوز ریلیز کرتی ہے۔
واضح رہے کہ عامر خان کی فلم ’دنگل‘ ہندوستان میں اب تک سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم رہی، یہ مہاویر سنگھ نامی پہلوان کی زندگی کی کہانی پر مبنی فلم تھی، عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کے بعد ’سیکریٹ سُپر اسٹار‘ بھی خواتین کو بااختیار بنانے کا پیغام دے گی۔
اس حوالے سے عامر خان نے کہا ہے کہ ’ویسے تو دنگل اور سیکریٹ سُپر اسٹار دونوں ہی خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر مبنی ہیں لیکن میرے خیال سے سیکریٹ سُپر اسٹار زیادہ بڑی فلم ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: سیکریٹ سپراسٹار: عامر ’فلرٹ موسیقار‘ بنیں گے
فلم ’دنگل‘ میں ایک والد اپنے ملک کو گولڈ میڈل دلانے کی خاطر اپنی بیٹیوں کو پہلوانی سکھاتا ہے، جبکہ اس فلم میں ایک 14 سالہ بچی اپنے خواب کو پورا کرنے کے لیے بہت سی مشکلات کا سامنا کرتی نظر آئے گی۔
عامر خان کی پروڈکشن میں بننے والی اس فلم کی ہدایات ایڈویت چوہان نے دی ہیں، جسے دیوالی کے موقع پر اجے دیوگن کی فلم ’گول مال تھری‘ کے مدمقابل ریلیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سیکرٹ سپر اسٹار! ’برقع میں ملبوس گٹار بجاتی لڑکی‘
خیال رہے کہ عامر خان اس سے قبل بھی ’دھوبی گھاٹ‘ اور ’پیپلی لائیو‘ سمیت دیگر فلموں کی پروڈکشن کر چکے ہیں۔
علاوہ ازیں عامر خان امیتابھ بچن اور کترینہ کیف کے ساتھ اپنی آنے والی فلم ٹھگس آف ہندوستان کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں، فلم کی شوٹنگ افریقی ملک مالٹا میں جاری ہے۔
واضح رہے کہ فلم ’دنگل‘ کے علاوہ عامر خان کی کئی اور فلمیں ہندوستان باکس آفس پر نمبر ون قرار پائیں جن میں ’پی کے‘ اور ’تھری ایڈیٹس‘ وغیرہ شامل ہیں۔