• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

رنبیرکپورکی کرن جوہر کے ساتھ اگلی فلم کون سی؟

شائع September 28, 2017
رنبیر کپور ان دنوں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
رنبیر کپور ان دنوں سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور 35 برس کے ہوگئے، انہیں ان کی سالگرہ پر ساتھی اداکاروں سمیت اہل خانہ نے مبارک باد پیش کی۔

رنبیر کپور نے اپنی سالگرہ کے حوالے سے 27 اور 28 ستمبر کی درمیانی شب ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر ایک پارٹی کا بھی انعقاد کیا، جس میں بولی وڈ ستارے بھی شریک ہوئے۔

ان کی سالگرہ پارٹی میں مسٹر پرفیکشنٹ عامر خان اپنی اہلیہ کے ساتھ نظر آئے، جب کہ شاہ رخ خان، کرن جوہر، انوراگ کشیپ، سدھارتھ ملہوترا، عالیہ بھٹ اور دیگر فلمی ستاروں کو بھی پارٹی میں دیکھا گیا۔

بولی وڈ کے اداکاروں اور اداکاراؤں نے بھی انہیں سوشل میڈیا پر سالگرہ کی مبارک باد دی، جب کہ ان کی والدہ نیتو سنگھ نے ان کے جنم کے دن کے موقع پر ایک پرانی تصویر شیئر کی۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور نے 13 کلو وزن بڑھا لیا، مگر کیوں؟

نیتو سنگھ کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں رنبیر کپور انتہائی چھوٹے ہیں، اور وہ اپنے والد رشی کپور کی بانہوں میں ہیں۔

نیتو سنگھ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں ان کی والدہ کی بانہوں میں ان کی بہن ردھیما کپور ہیں۔

نیتو سنگھ نے رنبیر کپور کو ’رانا‘ مخاطب ہوتے ہوئے اسے مبارکباد پیش کی، اور ساتھ میں لکھا کہ وہ ایسے بچے ہیں، جن کی خواہش ہر والدین کرتے ہیں، پیار کرنے والے، خیال رکھنے والے اورذہین۔

دوسری جانب فلم ساز کرن جوہر نے جہاں رنبیر کپور کی سالگرہ پارٹی میں شرکت کی، وہیں انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے بھی ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کرن جوہر نے اپنی ٹوئیٹ میں رنبیر کپور کی یہ جوانی ہے دیوانی اور اے دل ہے مشکل میں اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ اب وہ تمام جلد ایک نئے منصوبے کے ساتھ نظر آئیں گے۔

کرن جوہر کی اس ٹوئیٹ کو لے کر کافی چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ رنبیر کپور اے دل ہے مشکل کے بعد ایک بار پھر ان کے ساتھ کوئی رومانوی فلم کرنے جا رہے ہیں، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

مزید پڑھیں: 'دپیکا کے والد بالکل رنبیر کپور کی طرح لگ رہے ہیں'

خیال رہے کہ رنبیر کپور معروف اداکار رشی کپور کے بیٹے ہیں، انہوں نے اپنے والد اور والدہ نیتو سنگھ کے ساتھ 2013 میں آنے والی فلم ’بے شرم‘ میں ایک ساتھ کام بھی کیا۔

عامر خان اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ہمراہ پارٹی میں شریک ہوئے—فوٹو: این ڈی ٹی وی
عامر خان اپنی اہلیہ کرن راؤ کے ہمراہ پارٹی میں شریک ہوئے—فوٹو: این ڈی ٹی وی

رنبیر کپور نے 2007 میں ’سانوریا‘ سے فلم ڈیبیو کیا تھا، اس کے اگلی ہی سال ان کی فلم ’بچنا اے حسینو‘ آئی، جس نے خوب پذیرائی حاصل کی، مگر انہیں شہرت 2009 میں کترینہ کیف کے ساتھ آنے والی فلم ’عجب پریم کی غجب کہانی‘ سے ملی۔

ان کی سب سے مقبول فلموں میں ’راج نیتی‘، ’راک اسٹار‘، ’برفی‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’تماشہ‘، ’اے دل ہے مشکل‘ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رنبیر کپور یا سنجے دت؟ پہچاننا بےحد مشکل
عالیہ بھٹ بھی پارٹی میں شامل ہوئیں—فوٹو: این ڈی ٹی وی
عالیہ بھٹ بھی پارٹی میں شامل ہوئیں—فوٹو: این ڈی ٹی وی

حال میں کترینہ کیف کے ساتھ ریلیز ہونے والی ان کی فلم ’جگا جاسوس‘ کوئی خاص کامیابی حاصل نہیں کر پائی۔

ان دنوں وہ اپنی آنے والی ایک بائیو گرافی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ سنجے دت کا کردار ادا کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024